سندھ کابینہ نے اسکول فیس میں 20فیصد کمی کی منظوری دے دی
فائل فوٹوکراچی :سندھ کابینہ نے اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے سبب انتقال کرنے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس حالات کے پیش نظر نجی اسکولوں کے بچوں کو 20 فیصد فیس میں رعایت دی گئی ہے، اسکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔
جس کے بعد سندھ کابینہ نے 20 فیصد اسکول فیس میں کمی کرنے کی اصولی منظوری دے دی ۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ فیس میں رعایت اپریل اور مئی 2020 کیلئے ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل کو فیس میں رعایت کے حوالے سے صحیح طرح کیس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ کابینہ نے احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگی پر ملنے والی کمیشن پر بھی ایس بی آر ٹیکس معاف کر دیا، اس معافی کا اطلاق صرف متعلقہ بینکنگ ایجنٹس کو ملنے والے کمیشن پر ہوگا۔
کورونا وائرس سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا آج 2737 ٹیسٹ کیے گئے، ٹیسٹوں کی کل تعداد 43ہزار 949ہوگئی ہے ، آج 341 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 4مریض اس وبا ءسے انتقال کرگئے ہیں۔
کوروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 85 ہوگئی ہے 3ہزار 946 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 24 کی صورت حال خراب ہے، 16 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے، 2ہزار 705مریض گھروں میں زیرعلاج ہیں، 825 آئیسولیشن مراکز میں زیرعلاج ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ مریضوں کے بڑھنے کی باعث ایکسپو سینٹر میں 1200 سے بڑھا کر 1500 بسترے کرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ پی اے ایف میوزیم سائٹ پر 600 اور گڈاپ اسپتال 150 بستروں کا اضافہ کیا ہے، 100 بستروں کا فیلڈ آئسولیشن سینٹر ہر ضلع میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔