امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اہم شراکت دار قرار دے دیا

دہشت گردوں کی موجودگی کی وجہ سے افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے: سربراہ امریکی سینٹ کام
شائع 17 مئ 2026 05:04pm

امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں پاکستان کو ایک اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو سراہا ہے۔

پاکستان کی خطے میں ایک اہم اور مستحکم کردار کے طور پر اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی ہے، جہاں امریکا نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں پاکستان کو کلیدی شراکت دار قرار دیا ہے۔

اتوار کو امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے، جو خطے میں داعش خراسان کے خلاف جنگ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ ہماری مضبوط فوجی شراکت داری کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس نتائج حاصل ہوئے، یہ ٹھوس اورباہمی کامیابیاں پاکستان اورامریکا کی دیرینہ دوستی اور مشترکہ عزم کا براہ راست عکس ہیں۔

سربراہ امریکی سینٹ کام کا کہنا تھا کہ ہمارے وسطی ایشیائی شراکت دار بھی افغانستان سے پنپتی دہشت گردی کے خطرات پر محتاط نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں اور علاقائی سیکیورٹی خطرات کے باعث افغانستان اب بھی واشنگٹن کی توجہ کا مرکز ہے، افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی مسلسل موجودگی کی وجہ سے افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور سرفہرست ہے۔

ایڈمرل بریڈ کوپر نے پاکستان میں گزشتہ سال ستمبر میں آنے والے شدید سیلاب کے بعد انسانی امداد کی فراہمی میں بھی دونوں ممالک کے تعاون کو اہم قرار دیا۔