Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

نواز کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی شروع،زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد:توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر سابق ...
شائع 30 جون 2020 11:18am

اسلام آباد:توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع جبکہ سابق صدر آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اصغر نے سابق صدرآصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں 3ملزمان ہیں، عدالت نے نوازشریف کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھیجوانے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف برطانیہ میں موجود ہیں، اس لئے دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹس بھیجے ہیں۔

جج احتساب عدالت محمد اصفر نے کہا کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا، وہ دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے ۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے نواز شریف کے اشتہار جاری کر دیئے۔

آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ایک بار پھر کورونا وائرس کی وجہ سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تو عدالت نے آصف زرداری کی مسلسل عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا آئندہ سماعت پر آصف زرداری پیش ہو جائیں گے ،جس پر جج اصغر علی نے کہا کہ یہ کرمنل کیس ہے، آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑےگا۔

پراسیکیوٹر نیب نے سابق صدر کے ساتھ کوئی رعایت نہ کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کردی۔

سردارمظفر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کوعدالت نے استثنیٰ دیا،آج یوسف رضاگیلانی کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیئے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئےجبکہ ریفرنس پر مزید سماعت 17 اگست کو ہوگی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div