Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

امریکا کا عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر دستبرداری کا اعلان

امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کرنے...
شائع 08 جولائ 2020 11:29am

امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اطلاق 6 جولائی 2021ء سے ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت نے کانگریس اور اقوامِ متحدہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، تاہم اس مرحلے کی تکمیل میں ایک سال تک لگ سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفان ڈوجاریک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکا کے عالمی ادارہ صحت کی رکنیت سے دستبرداری کے فیصلے کا اطلاق 6 جولائی 2021 سے ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا نے عالمی ادارہ صحت کی اپنی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے سے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے بعد کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی میں ڈیموکریٹ رکن سینیٹر رابرٹ مینینڈز نے بھی کانگریس کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کی تصدیق کی ہے۔

رابرٹ مینینڈر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ کہ کانگریس کو نوٹیفیکیشن موصول ہوا ہے کہ امریکا کے صدر نے وباء کے دوران امریکا کو عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر دستبردار کر لیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کے بعد امریکی شہری بیمار رہ جائیں گے اور امریکا تنہا رہ جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ مئی کے مہینے سے اس فیصلے سے متعلق اپنے ارادوں کا واضح طور پر اظہار کرتے رہے ہیں۔ امریکی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت "چین کے زیرِ اثر" ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div