Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

حکومت کاعیدالاضحیٰ کیلئےشہروں سےباہر 700مویشی منڈیاں لگانےکافیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کیلئے شہروں سے باہر...
شائع 13 جولائ 2020 03:07pm

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کیلئے شہروں سے باہر 700مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ کرلیا ،ملک بھر میں لگائی جانےوالی مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6سے شام 7بجے تک ہوں گے،فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا،خریداروں کو اسکریننگ کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کمیٹی نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرلیا،لاہور میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کا اجلاس ہوا۔

این سی او سی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراور وفاقی وزیرداخلہ اعجازشاہ سمیت پنجاب کے دیگر وزراء شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔

این سی او سی اجلاس میں عید الاضحیٰ کے حوالے سے متعلقہ امور سمیت مویشی منڈیوں اور عیدنماز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این سی او سی کو بتایا گیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی،صحت کے متعلق ضروری ہدایات صوبوں اور انتظامی اداروں کو جاری کردی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مویشی منڈیوں کا درست انتظام ضروری ہے،مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی ، شہر کے اندر اجازت نہیں ہوگی ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مویشی منڈیوں سےمتعلق گائیڈ لائنزپرعملدرآمدیقینی بنائے، ملک بھرمیں منڈیوں کے اوقات صبح 6 سےشام 7 تک ہوں گے اور منڈیوں میں داخلے سےقبل ماسک پہننالازم ہو گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ دیہی ایریا سے شہر میں جانور فروخت کرنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں،اس لئےمویشی منڈیوں کا ایس او پیز کے تحت اہتمام بہت ضروری ہے ،مویشی منڈیوں کے متعلق ہیلتھ پروٹوکول اور گائیڈ لائنز سب کے ساتھ شیئر ہوں گی۔

چیئرمین اسد عمر کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ کو عید الضحی کے حوالے سے ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں،ایس او پی پر عملدرآمد پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،مویشی منڈیوں میں خریداروں کی سختی سے اسکریننگ ہوگی، فیس ماسک اور سماجی فاصلے یقینی بنایا جائے گا۔

چیئرمین این سی او سی نے مزید کہا کہ مقرر حد سے زیاد ہ سے لوگوں کو منڈی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھائی جائے گی تاہم حجم چھوٹا ہوگا،عیدالاضحیٰ کی نمازوں کے حوالے سے عیدالفظر کے پلان کو فالو کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں 30ا یسے شہر ہیں جہاں پر کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد زیادہ دیکھی گئی ہےجبکہ اس وقت ملک بھر میں 321 مقامات سمارٹ لاک ڈاون کے تحت بند ہیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کمیٹی کی ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے مویشی منڈیوں ،نماز عیداور سیکیورٹی سے متعلق 20نکاتی پلان جاری کر دیا ۔