لاہورمیں بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی ،میاں بیوی سمیت6 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے ٹکسالی میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی،میاں بیوی...
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2020 11:48am

لاہور کے علاقے ٹکسالی میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی،میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے6 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے۔

لاہور کے اندرونی علاقے ٹیکسالی میں صبح 3بجے کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک منزلہ مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی،چیخ وپکار پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے افراد کو نکالنا شروع کیا۔

امدادی کارروائیوں کے بعد ایک ہی خاندان کے 6افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا جن میں میاں بیوی اور 2بچے بھی شامل ہیں،واقعے میں 4افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں میو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ جاوید، 45 سالہ روبینہ، 16 سالہ آمنہ، 2 سالہ شجاعت، 4 سالہ حسن اور 6 سالہ زیغم شامل ہیں ۔

محنت مزدوری کرتا خاندان کرائے کے گھر میں مکین تھا، گھر میں کچھ مہمان بھی موجود تھے،بچوں کا والد غم سے نڈھال ہے کہتا ہے دنیا ہی اجڑ گئی تاہم جائے حادثہ پر ضلعی انتظامیہ اور حکومتی اہلکار نہیں پہنچ سکے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کاچھت گرنےسےانسانی جانوں کےضیاع پراظہارافسوس

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں چھت گرنےسےانسانی جانوں کےضیاع پرافسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اورواقعے کی ہرپہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

عثمان بزدار نے لواحقن سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمی افرادکوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔