وزیر دفاع پرویز خٹک کی جاپانی سفیر سے ملاقات

ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے جاپان کو سمندری اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی.
شائع 09 ستمبر 2020 10:54pm

وزیر دفاع پرویز خٹک نے جاپانی سفیر سے کہا کہ وہ سمندری اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے میں باہمی مفاد پرمبنی شراکت داری کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں کوفروغ دے۔

بدھ کواسلام آباد میں جاپانی سفیر کونیہوری مٹسوڈاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں جاپان کے تعاون کو سراہا۔

افغانستان اور جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کو فروغ دینے میں جاپان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پرویز خٹک نے اس امر پر بھی زوردیا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدارامن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے منسلک ہے۔

جاپانی سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کی راہوں کی تلاش جاری رکھے گی۔