میجرعزیز بھٹی شہید نے ایسی تاریخ رقم کی جو دنیا تاقیامت یاد رکھے گی

جنگ ستمبر کے ہیرو میجرعزیز بھٹی شہید نے میدان جنگ میں جرات...
شائع 12 ستمبر 2020 08:58am

جنگ ستمبر کے ہیرو میجرعزیز بھٹی شہید نے میدان جنگ میں جرات وبہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو دنیا تاقیامت یاد رکھے گی۔ دھرتی ماں کے بہادر سپوت میجرراجہ عزیز بھٹی شہید کا پچپن واں یوم شہادت منایا جارہا ہے۔

65 کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے میجرعزیز بھٹی شہید 16 اگست 1928 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔

قیام پاکستان سےقبل ان کا خاندان واپس آکر گجرات کے گاؤں لادیاں میں رہائش پذیر ہوا۔ میجر عزیز بھٹی نے پی ایم اے سے اعزازی شمشیر حاصل کی، بطور سیکنڈ لیفٹننٹ 17 پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

ستمبر1965میں جب بھارت نے ارض پاک پر شب خون مارا تو میجرعزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا۔

بطورکمپنی کمانڈرمیجرعزیز بھٹی نے خود کو فاروڈ ٹروپس کے ساتھ رکھا۔ 6 ستمبر سے 12 ستمبر تک میجزعزیز بھٹی کی کمپنی نے دشمن پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

عزیز بھٹی نے اپنی کمپنی سمیت 6 دن اور راتیں لگاتار دُشمن کو نہ صرف روکے رکھا بلکہ شکست سے بھی دوچار کیا۔ لاہور کا یہ محافظ دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔

بارہ ستمبر کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ میجرعزیزبھٹی شہید کے بائیں شانے پر لگا اور وہ جام شہادت نوش کرگئے۔

بے مثال شجاعت کے اعتراف میں میجرعزیز بھٹی شہید کوسب سے بڑے فوجی اعزازنشان حیدرسے نوازا گیا۔ قوم ارض پاک کے اس عظیم سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔