ریپ کیس کمزور بنا کر ملزمان کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، رانا ثناء
رانا ثناء اللہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گجرپورہ ریپ کا کیس کمزور بنا کر ملزمان کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، شک کا فائدہ اٹھا کر ملزمان رہا ہوجائیں گے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور کا بیان شرمناک ہے، حکومت نے سی سی پی لاہور کو بے جا اختیارات دیئے ہوئے ہیں، سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے واٹس اپ پر آئی جی تبدیل کردیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ امن وامان کی بجائے اپوزیشن پر ہے، ججز اور ان کے اہل خانہ کی نگرانی کی جاتی ہے۔
دوسری جانب منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء پر فرد جرم تاحال عائد نہ ہوسکی۔
لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں جج خالد بشیر نے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ رانا ثناءاللہ عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
تاہم عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے اکتوبر تک ملتوی کردی۔
رانا ثنا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا حکومت صرف اپوزیشن سے انتقام لینے میں مصروف ہے ۔ حکومت امن وامان سے متعلق سنجیدہ نہیں ہے۔ ملک کی صورتحال خانہ جنگی کی طرف جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا اے پی سی بیس ستمبر کو ہو رہی ہے، جو فیصلے ہوں گے نون لیگ ان کی پابندی کرے گی۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔