سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی...
شائع 12 اکتوبر 2020 11:33am

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیا اور ریمارکس دیئے کہ نیب ہر کسی کو اٹھا کر لپیٹ دے یہ بھی اچھا نہیں ،اس وقت غیر معمولی حالات چل رہے ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔

لیاقت قائم خانی کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہاکہ کے ڈی اے نے آئیکون ٹاور کی زمین پر کبھی دعوی نہیں کیا۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے نیب کا آپ کے مؤکل کیخلاف مقدمہ مضبوط ہو۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نیب ہر کسی کو اٹھا کر لپیٹ دے یہ بھی اچھا نہیں ،اس وقت غیر معمولی حالات چل رہے ہیں،کیا اس مقدمے کا ڈاکٹرڈنشا کے مقدمے سے تعلق ہے؟ ۔

نیب پراسیکیورٹر نےکہا کہ اس مقدمے کی ڈاکٹر ڈنشا کے مقدمے سے مطابقت ہے۔

عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔