Aaj TV News

BR100 4,912 Increased By ▲ 29 (0.59%)
BR30 25,351 Increased By ▲ 231 (0.92%)
KSE100 46,287 Increased By ▲ 200 (0.43%)
KSE30 19,259 Increased By ▲ 93 (0.49%)

کراچی: انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مدمقابل امریکی کرنسی کی قدر میں اضافہ، کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج جمعہ کے روز ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوا ہے، جس سے اس کی قدر 160 روپے 02 پیسے سے بڑھ کر 160 روپے 17 پیسے ہوگئی ہے۔

رواں کاروباری ہفتے کے دوران بھی ڈالر کی قدر میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم اس ہفتے میں مجموعی طور پر امریکی کرنسی کی قدر میں 34 پیسے کا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ گزشتہ ہفتے ڈالر 159 روپے 83 پیسے جبکہ اس ہفتے 160 روپے 17 پیسے پر بند ہوا ہے۔

دوسری جانب آج 24 قیراط سونے کی قیمت میں 700 روپے کی مزید کمی ہوئی ہے جس سے فی تولہ سونا ایک لاکھ 14 ہزار 600 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔

فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

ایک تولہ سونا ایک لاکھ 14 ہزار 600 روپے اور 10 گرام سونا 98 ہزار 251 روپے کا ہوگیا ہے۔

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 23 ڈالرز کی مزید کمی سے 1893 ڈالرز فی اونس کی سطح پر آگئی ہے۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت آج دبئی کے مقابلے 3 ہزار روپے کم ہے۔

اس کے علاوہ فی تولہ اور 10 گرام چاندی کی قیمت 50 اور 43 روپے کی کمی سے بالترتیب 1350 اور 1157 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔