Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

لاہور: غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دینے کیلئے ایمنسٹی اسکیم متعارف

لاہور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دینے...
شائع 23 جنوری 2021 08:56am

لاہور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دینے کیلئے ایمنسٹی اسکیم متعارف کرادی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ایمنسٹی اسکیم کابینہ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیئرمین کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کی منظوری کے بعد ایمنسٹی اسکیم لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں پیش کی گئی، جسے عدالت نے منظوری کیلئے کابینہ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ عدالت میں پیش ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے جائیں گے، جن سوسائٹیز کے مالکان موجود نہیں ان کو ایل ڈی اے تحفظ دے گا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویژن میں منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعداد 365 اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعداد 576 ہے۔ 25 ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق اقدامات جاری ہیں، مجموعی طور پر لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور قصور میں 1196 ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی گئیں۔