Aaj.tv Logo

ابوظہبی:اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی پاکستان سپر لیگ 6سے دستبردار ہو گئے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی خاندانی مصروفیات کی وجہ سے لیگ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے مطابق حسن علی فیملی وجوہات کے باعث بائیو سیکیور ببل چھوڑ کر پاکستان جارہے ہیں،حسن اب بقیہ میچز کیلئے یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

26سالہ فاسٹ بولر حسن علی نے ابوظہبی میں پی ایس ایل کے 2 میچز میں شرکت کی، لاہور اور کوئٹہ کیخلاف میچز میں انہوں نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم اب وہ اگلے میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

حسن علی کا کہنا تھاکہ کچھ اہم معاملات کی وجہ سے وہ پی ایس ایل سے دستبردار ہورہے ہیں، کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر ہوتی ہیں اور فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔

حسن علی نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ ان کی پوزیشن کو سمجھا اور لیگ سے جانے کی اجازت دی۔

اس حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹیم حسن علی کی پوزیشن سمجھ سکتی ہے، فیملی ہمیشہ اولین ترجیح ہوتی ہے، ان کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے نقصان دہ ضرور ہوگی لیکن بعض چیزیں کرکٹ سے زیادہ اہم ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنا اگلا میچ آج لاہور قلندرز کیخلاف کھیلے گی۔