Aaj News

جمعرات, اکتوبر 03, 2024  
29 Rabi ul Awal 1446  

تنقید کی گئی کہ مانی سے شادی کیلئے دوست کو دھوکہ دیا، حرا مانی

حرا مانی کا انٹرویو ہو اور ان کے شوہر سلمان ثاقب شیخ المعروف ...
شائع 10 اگست 2021 09:08am

حرا مانی کا انٹرویو ہو اور ان کے شوہر سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی کا ذکر نہ ہو ایسا کیسے ممکن ہے؟ حرا اپنے ہر انٹرویو میں مانی کا ذکر ضرور کرتی ہیں اور اپنی کامیابی کا کریڈٹ انہیں دیتی ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں حرا کہتی ہیں کہ 'لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں آپ اپنی ہر کامیابی کا کریڈٹ مانی کو کیوں دیتی ہیں؟ تو میرا ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ مانی جیسا کوئی دوسرا نہیں ہے۔ وہ بطور شوہر سپورٹیو، بطور باپ ذمہ دار اور بطور آرٹسٹ ایک مقبول انسان ہیں۔‘

حرا مانی نے جب اپنے ایک انٹرویو میں اپنی "لَو سٹوری" سنائی تھی تو ان پر کچھ لوگوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی کہ انہوں نے مانی سے شادی کے لیے اپنی دوست کو دھوکہ دیا۔

اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ 'لوگ تنقید کرتے ہیں کہ میں نے اپنی دوست کے موبائل سے مانی کا نمبر چرا کر اس سے رابطہ کیا تو مجھے یہ بات بتانے کا کوئی پچھتاوا نہیں اور جن کو تنقید کرنی ہے کرتے رہیں۔ مانی اتنے رئیل ہیں کہ وہ اگر شادی شدہ بھی ہوتے تو میں ان ہی سے شادی کرتی۔'

انہوں نے بتایا کہ 'جس دوست کے موبائل سے مانی کا نمبر نکالا تھا اس سے اب بھی ان کی دوستی ہے۔'

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ناموں میں سے ایک حرا مانی نے مختصر عرصے میں ہی اپنی پہچان بنائی۔ حرا اکثر ڈراموں میں "اُداس" اور رونے دھونے والے کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں۔ لیکن اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ’میں اصل زندگی میں بھی رو پڑتی ہوں۔'

حرا مانی نے کہا، 'ڈراموں میں ہیروئن پر الزام لگتے ہیں کہ وہ روتی ہے لیکن پھر آخر میں سب اسے ٹھیک کہتے ہیں تو میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، میں نے دو منگنیاں توڑیں، بعد میں وجوہات سامنے آئیں تو گھر اور خاندان والوں نے ٹھیک فیصلہ قرار دیا، اس لئے میں اس طرح کے کردار کرکے مطمئن ہوں مجھے ایسے کردار اچھے لگتے ہیں۔'

سوال: گلوکاری کے میدان میں قسمت آزمانے کا خیال کیسے آیا؟

جواب میں حرا مانی نے بتایا کہ 'مجھے گانے میں دلچسپی تو تھی، جب "سواری" گانے کی آفر ہوئی تو میں ڈر رہی تھی کہ پتا نہیں کیسا گاؤں گی، لوگوں کو پسند آئے گا یا نہیں تو مانی نے میری حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ تمہیں یہ گانا گانا ہے اور ڈر کو دل سے نکالنا ہے کیونکہ تم گا سکتی ہو۔'

حرا نے کہا، 'جب گانا شوٹ کروایا تو گھر آکر مانی سے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے چھچورے انداز میں پرفارم کرکے آئی ہوں، لیکن مانی نے جب دیکھا تو کہا کہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔ جب گانا ہٹ ہوا تو مجھے اعتماد ملا اس لیے میں اب یہ سلسلہ جاری رکھوں گی۔'

حرا اور مانی نے کافی عرصے سے ایک ساتھ کوئی پراجیکٹ نہیں کیا۔

اس حوالے سے حرا کے کہنا ہے کہ انہیں کوئی اچھی فلم ملی تو کر لیں گی اگر نہ بھی ملی تو کوئی بات نہیں وہ ڈراموں کی ہیروئین بن کر بھی مطمئن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'ہمیں جب اچھی کہانی ملے گی تو ضرور ایک ساتھ کام کریں گے لیکن مانی تب تک سیریل نہیں کرے گا جب تک اسے اس کی شخصیت سے ملتا جلتا کردار نہ مل جائے۔'

hira mani