Aaj News

اتوار, مئ 05, 2024  
26 Shawwal 1445  

'ملک نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن '

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیسرے پارلیمانی سال کے اختتام اور...
شائع 13 ستمبر 2021 07:20pm

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیسرے پارلیمانی سال کے اختتام اور چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز پر اراکین پارلیمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالہ حکومتی کارکردگی کے طفیل ملک نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ یہ ایشیا کی بہترین اور دنیا کی چوتھی بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال قبل عالمی بنک نے پاکستان میں کاروبار میں آسانیوں کے حوالے سے 28 درجے بہتری کا عندیہ دیا جبکہ بیرونی سرمایہ کاروں کے پاکستان میں کاروبار کے حوالے سے 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اپنے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا وبا کے باوجود دنیا کے مقابلے میں معاشی طور پر بہتر کارکردگی کا حامل رہا، شرح نمو 3.94 فیصد رہی، برآمدات 25 ارب 30 کروڑ ڈالر جبکہ ترسیلات زر 19 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے 2020-21ء میں 4 ہزار 732 ارب روپے کے محصولات جمع کئے جبکہ رواں سال کے دو ماہ میں ہدف سے 160 ارب روپے زائد حاصل کئے ہیں۔ تمام اعداد و شمار سرمایہ کاروں اور عوام کی جانب سے حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اب تک 17 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کے لئے اپنی چھت کی فراہمی کے لئے ہائوسنگ کا خصوصی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ حکومتی کارکردگی اور کامیابی کو شورشرابے سے نہیں روکا جاسکا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div