Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

'بھارت ،کشمیر میں ظلم کا بازار بند کرے'

صدرڈاکٹرعارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے...
شائع 14 ستمبر 2021 12:19am

صدرڈاکٹرعارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیر میں ظلم کا بازار بند کرے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت دے۔ بھارت کچھ بھی کر لے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کریں گے ۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں صدر نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے ہرمثبت قدم کا منفی جواب دیا، کشمیر کے حوالے سے پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے کشمیریوں کی نسل کشی اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، وزیراعظم نے خود کوکشمیر کا سفیرکہا، عمران خان نے موثراندازمیں دنیا میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جب فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تومنہ توڑجواب دیا گیا۔ پائلٹ کوخیرسگالی کے جذبے واپس بھیجا اس کوبھی غلط اندازدیا گیا۔ بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندتوا پالیسی سے علاقائی سالمیت کوبہت خطرہ ہے۔ میں بھارت پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیر میں ظلم کا بازار بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت دے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ میں کشمیر کے عوام کو بھی یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ بھارت کچھ بھی کر لے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کریں گے، ان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ بھارت کئی سالوں سے تخریب کاروں کا سہولت کاربنا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری پرعالمی میڈیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

افغانستان کی صورتحال سے متعلق بات ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پرافغانستان کی مدد کررہا ہے۔ دنیا نے افغانستان میں پاکستان کی پالیسی کوسراہا۔ طالبان رہنماؤں کے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔ دنیا کوپاکستان پر بلاوجہ تنقید کے بجائے عمران خان کی شاگردی اورمریدی اختیارکرنی چاہیے، کھربوں ڈالر خرچ اور لاکھوں لوگوں کو مارنے کے بعد انہیں سمجھ آئی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div