Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنےکے پیچھے پڑوسی ملک ہو سکتا ہے، وزیرخارجہ

نیویارک:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی...
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2021 01:27pm

نیویارک:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹيم کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک ہو سکتا ہے، ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی جب ہی پاکستان آئی۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزير خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی، اس لےے وہ پاکستان آئی تھی، پاکستانی سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوئی، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری وقت پر آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں کھیل سکتے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، حکومت نے بس کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیم کو اسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک بھارت ہوسکتا ہے۔

وزير خارجہ نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے کو نقصان پہنچایا گیا، ایئرلائن دیوالیہ کے قریب تھی لیکن ان کی حکومت پی آئی اے میں اصلاحات کی کوششیں کر رہی ہے، اس وقت بھی پی آئی اے کو مالی مشکلات اور طياروں کی کمی کا سامنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ہر مشکل وقت ميں سمندر پار مقيم پاکستانيوں نے پاکستان کا ساتھ ديا اور مشکل وقت سے نکالا، اوورسیز پاکستانیوں کا تعاون ملکی معیشت کیلئے اہم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے،وزیر اعظم چاہتے ہیں اوورسیزپاکستانیوں کوسہولیات فراہم کی جائیں،اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانا ہماری ترجیح ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھا کر نئی روح پھونک دی گئی اور کشمیر کو بھارت کی جانب سے اندورنی معاملہ قرار دینے کے دعوے کو رد کیا، 12ستمبر کے ڈوزیئر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شواہد پیش کےن۔

پاکستان مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،وزیرخارجہ

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان،مصر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

نیویارک میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مصری وزیرخارجہ سامح شکری سے ملاقات کی ،جس میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہناتھا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی اور تہذیبی اقدار کے تعلقات کو مزید مستحکم کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان پارلیمانی اور علمی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،ہماری پارلیمنٹ میں پاک مصر فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے متحرک ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div