آرمی چیف نے انٹیگریٹڈ ایئرڈیفنس بیٹل مینجمنٹ سینٹر کا افتتاح کردیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیگریٹڈ ایئرڈیفنس بیٹل...
شائع 22 ستمبر 2021 07:41pm

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیگریٹڈ ایئرڈیفنس بیٹل مینجمنٹ سینٹر کا افتتاح کردیا، آرمی چیف کہتے ہیں کہ جنگ کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹنے کیلئے مربوط تعاون ضروری ہے، آرمی ایئر ڈیفنس ملکی سرحدوں پر دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیارہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس بیٹل مینجمنٹ سینٹر کا افتتاح کردیا۔

کمانڈر آرمی ایئرڈیفنس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے سینٹرسے متعلق بریفنگ دی،اور آرمی چیف کو ایئرڈیفنس بیٹل مینجمنٹ سینٹر کے امورکارسے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں سپہ سالارکوبتایا گیا کہ پاکستان آرمی ایئرڈیفنس جدید ترین ویپن سسٹم سے لیس ہے، یہ سینٹر ایئر ڈیفنس اعلی قیادت اورکمانڈ کی سطح سے نیچے تک مختلف امور کو مربوط بنائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ سینٹر میں سمولیٹر کمپلیکس کی جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں،

اس موقعے پر آرمی چیف نے ایئر ڈیفنس کی کارکردگی اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں آرمی ایئر ڈیفنس نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، آرمی ایئرڈیفنس ملکی سرحدوں پر دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

آرمی چیف نے ایئر ڈیفنس کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے میدان کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹنے کیلئے مربوط تعاون ضروری ہے،

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے جنگی چینلجز سے نمٹنے کیلئے آپسی ربط کو مزیدمستحکم کرنا ہوگا ۔