Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

امریکی سفارتخانے کے حکام کا ویکسین سینٹر کا دورہ

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے نمائندوں نے پاکستان کے صحت ...
شائع 22 ستمبر 2021 10:40pm

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے نمائندوں نے پاکستان کے صحت حُکام کے ساتھ ایک مقامی ویکسین سنٹر کا دورہ کیا اور حال ہی میں امریکہ کی طرف سے عطیہ کیے گئےتیرہ لاکھ فائزر ٹیکوں میں سے کچھ کے استعمال کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ اب تک امریکہ نے لگ بھگ ایک کروڑ اٹھاون لاکھ ویکسین ٹیکے پاکستان کو فراہم کیے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق امریکہ کے قائم مقام نائب سفیر رچرڈ سنیلسائر اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے قائم مقام ڈائریکٹر مائیکل نہرباس نے عوامی ٹیکہ مرکز میں موجود پاکستان کے حفظان صحت کے کارکنوں اور متعدد شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویکسین لگانے کے عمل کے بارے میں اُن کے تجربات اور ٹیکہ مہم کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام نائب سربراہ رچرڈ اسنیلسائر کا کہناتھا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لوگوں کا ساتھ دینے کا وعدہ نبھا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے بہترین ادویات ساز مراکز سے براہ راست ترسیل کردہ یہ انجکشن لگوا کر معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد ملے گی اور ہم اس وبا کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کی حکومت اور حفظان صحت کارکنوں کے ساتھ شراکت پر فخر ہے ، جس کی وجہ سے یہ ٹیکے براہ راست پاکستان کے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔تیرہ لاکھ سے زائد ویکسین کے حالیہ عطیات رواں موسم گرما میں امریکہ کی جانب سے خریدے جانے والے ان پچاس کروڑ فائزر خوراکوں کا حصہ ہیں جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک کو فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صدر جو بائیڈن کی جانب سے دنیا بھر میں محفوظ اور موثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے اور وبا کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں مدد مہیا کرنے کے وعدہ کی تکمیل ہے۔