جب مہیش بھٹ نے ایک "خوفناک" شام پروین بابی کو چاقو تھامے دیکھا

ستر کی دہائی میں بولی وڈ بے شمار تبدیلیوں کے مراحل سے گزر رہا تھا...
شائع 23 ستمبر 2021 11:59am

ستر کی دہائی میں بولی وڈ بے شمار تبدیلیوں کے مراحل سے گزر رہا تھا جن میں نئے چہرے، شور شرابے والی موسیقی، مختلف قسم کی فلمیں انڈسٹری میں اپنی جگہ بنا رہی تھیں، یہ وہی وقت تھا جب ہندی فلم انڈسٹری میں آئے روز تعلقات کے بننے اور ٹوٹنے کی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں۔

یہ بات اس وقت کی ہے جب پروڈیوسر اور ہداہتکار مہیش بھٹ نے بولی وڈ کی مشہور اداکارہ پروین بابی کو "ڈیٹ" کرنا شروع کیا تھا۔

بھارتی انٹرٹینمنٹ کی ویب سائٹ زوم کے مطابق مہیش بھٹ کے پروین بابی کے ساتھ تعلقات کی یہ افواہیں اس وقت سچ ثابت ہوئیں جب خود مہیش بھٹ نے اپنے کئی انٹرویوز میں ان خبروں کی تصدیق کی۔

"فلم فیئر" میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں مہیش بھٹ نے 1979 کی ایک "خوفناک" شام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پروین بابی کے جوہو اپارٹمنٹ میں جب داخل ہوئے تو انہوں نے اداکارہ کی والدہ کو کوریڈور میں بیٹھے دیکھا جنہوں نے سرگوشی میں کہا کہ 'دیکھو پروین کو کیا ہوگیا ہے۔'

مہیش بھٹ نے بتایا کہ، 'میں بیڈروم میں داخل ہوا جہاں ڈریسنگ ٹیبل پر لاتعداد پرفیوم رکھے ہوئے تھے، پروین نے ایک فلم کا کاسٹیوم پہن رکھا تھا اور وہ دیوار اور بستر کے درمیان سہمی بیٹھی ہوئی تھیں۔ ان کے ہاتھ میں چاقو تھا، میں نے پوچھا آپ کیا کر رہی ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ مجھے مارنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ میرے اوپر فانوس گرا دیں گے۔ انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے باہر لے گئیں۔'

مہیش بھٹ نے ماضی کی اس یاد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مشہور ماہر نفسیات سے رابطہ کیا جنہوں نے کہا کہ پروین بابی شیزوفرینیا میں مبتلا ہیں۔