'چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع، کوئی مسودہ تیار نہیں ہورہا'
چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پروزیرقانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئےآرڈیننس کاکوئی مسودہ تیارنہیں کیاجارہا۔
میڈیا سے بات چیت میں فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ چار سے پانچ بار عمران خان کےسامنے معاملہ زیربحث آیاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کے نام کا انتخاب وزیراعظم کی صوابدید ہے،وہ ایک نہیں،مختلف ناموں پرغور کریں گے۔
دوسری جانب مسلم ن لیگ نے چئیرمین نیب کی توسیع کا آرڈیننس آنے کی صورت میں نیب کے بائیکاٹ کا عندیہ دیدیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناٗاللہ کا کہنا تھا نیب پہلے ہی اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے آرڈیننس جاری کیا تو رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی توسیع کیلئے ووٹ صرف وزیراعظم ہاؤس کو مضبوط کرنے کیلئے دیا تھا۔جبکہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ن لیگ مریم اورنگزیب نے بھی کہا تھا کہ نیب کی نوازشریف کے حوالے سے پریس ریلیزکا مقصد چیئرمین نیب کی توسیع کی درخواست ہے، یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے ان کو آٹا چینی ،سونامی ٹری، بنی گالہ ہاؤس اور ایل این جی میں اربوں کی کرپشن کیوں نظر نہیں آتی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے، ن لیگ پارلیمان کے اندر اور باہر ان حکمرانوں کو گھربھجوا کر دم لے گی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔