Aaj News

ہفتہ, جولائ 20, 2024  
13 Muharram 1446  

حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز

لاہور: برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی...
شائع 26 ستمبر 2021 12:40pm

لاہور: برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ،عرس کی تقریبات 3روز تک جاری رہیں گی،ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر فل پروف سیکیورٹی کا انتظام کیا ہے،داتا دربار کے اطراف راستوں پر کنٹینر زلگا دیئے گئے ہیں جبکہ بغیر ویکسی نیشن والے افراد کو تقریبات میں شامل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار پر رسم چادر پوشی سے کیا گیا۔

رسم چادر پوشی کے بعد محفل حسن قرأت کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوسرے روز بعد نماز عشا ءعالمی محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا جس میں زائرین اور عقیدت مندں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 978ویں عرس کی تقریبات کے موقع پر مربوط سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،متعلقہ پولیس افسران منتظمین دربار کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام تر سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں،منتظمین دربار کورونا وبا کے خطرات کے پیش نظر زائرین کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید کریں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے سیکیورٹی پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عرس مبارک کی 3روزہ تقریبات پر اڑھائی ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ،زائرین کو 3درجاتی چیکنگ میکانزم سے مکمل تلاشی کے بعد ہی احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت دی جائے گی،چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس ،میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیئریرز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

اس کے علاوہ مزار داتا دربار اور گردونواح کی بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات رہیں گے جو کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں گے،دربار کی ملحقہ گلیاں مکمل طور پر سیل ہونگی، خار دار تاریں اور رکاوٹیں لگائی جائیں گی۔

حضرت علی ہجویریؒ کا شمار عظیم المرتبت اولیائے کرام میں ہوتا ہے،آپ کی پیدائش پانچویں صدی کی شروعات میں ہوئی، آپؒ کا شجرہ نسب حضرت سیّدنا امام حسن بن حضرت علیؓ سے ملتا ہے، آپ کا خاندان افغانستان کے شہر غزنی میں آباد تھا۔

آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے بزرگوں سے حاصل کی، بعد ازاں آپ اسلامی علم سے روشناس ہونے آذربائیجان، فرغانہ، خراسان اور مرو میں تشریف لے گئے، جہاں آپ نے چوٹی کے مشائخ کرام سے علمی اِستفادہ حاصل کیا،آپ کے اساتذہ کرام میں شیخ ابو سعید ابوالخیر، احمد بن محمد القصاب، ابوالعباس، عبدالکریم بن ہوازن اور حضرت ابوالقاسم جیسی نامور ہستیاں شامل ہیں۔

آپ قطبِ وقت حضرت ابو الفضل محمد بن الحسن الختلی الحنبلیؒ کے ہاتھ پر بیعت ہوئے اور ان کی ہدایت پا کر ہندوستان چلے آئے، یہاں آپ نے لاہور کو اپنا مسکن بنایا، آپ کے ہاتھوں اس سرزمین کے ہزاروں جاہل عالم بنے، آپ نے لاکھوں کافروں کو توحید سے روشناس کراتے ہوئے مسلمان کیا۔

کہتے ہیں کہ اس خطے میں آپ نے جس شخص کو مسلمان بنا کر حلقہ بگوش اسلام کیا وہ صوبہ پنجاب کا نائب حاکم رائے راجو تھا جو بعد میں شیخ ہندیؒ کے نام سے مشہور ہوا،مخلوق خدا کو اللہ تعالیٰ کی تعلیمات سے فیض یاب کرکے آپ نے 465 ھ بمطابق 1073ء کو اپنی جان مبارک 65 سال کی عمر میں جانِ آفرین کے سپرد فرمائی اور اپنی مسجد اور دَرسگاہ کے قریب دفن ہوئے۔

lahore

Shrine