لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر کا پچاس واں یوم شہادت

جان کا نذرانہ پیش کرکے مادر وطن کا دفاع کرنے والے لانس نائیک...
شائع 18 دسمبر 2021 07:11pm

جان کا نذرانہ پیش کرکے مادر وطن کا دفاع کرنے والے لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر کا آج 50 واں یوم شہادت ہے۔

لانس نائیک محفوظ نے 18 دسمبر 1971ء کی رات کو دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جرات اور بہادری کی نئی داستان رقم کی اور جام شہادت نوش فرمایا ۔

لانس نائیک محفوظ شہید 25 جون 1944ء کو راولپنڈی کے پنڈ ملکاں کے علاقے میں پیدا ہوئے، اس علاقے کو اب محفوظ آباد کے نام سے پہچانا جاتا ہے، لانس نائیک محفوظ نے 25اکتوبر 1962ء کو پاک فوج کی پنجاب ریجمنٹ میں شمولیت اختیار کی، جب 1971ء کی جنگ شروع ہوئی تو لانس نائیک محفوظ پنجاب ریجمنٹ کی ایک کمپنی کے ساتھ واہگہ اٹاری بارڈر تعینات تھے ۔

دشمن نے لانس نائیک محفوظ اور ان کے ساتھیوں پر خود کار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی ، اسی دوران دشمن کی گولوں کی بوچھاڑ میں لانس نائیک محفوظ کی مشین گن تباہ ہوگئی ۔

اس کے باوجود لانس نائیک محفوظ دشمن کے اس بنکر کی طرف بڑھے جہاں سے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جارہی تھی ، لانس نائیک محفوظ کی ٹانگوں میں گولے کے ٹکڑے لگنے سے وہ شدید زخمی ہوئے، تاہم وہ نہتے دشمن کے بنکر کے اندر گھس گئے اور دو بدو لڑائی شروع کردی، دشمن کی سنگین سے وہ بری طرح زخمی ہوئے مگر پھر بھی دشمن کو جہنم واصل کرکے دم لیا ۔

لانس نائیک محفوظ کااس دوران شدید زخمی حالت میں ان کا بہت خون بہہ چکا تھا ، اس طرح وہ دشمن سے لڑتے لڑتے شہید ہوگئے ۔