فلم 'جاوید اقبال' کی ریلیز تاخیر کا شکار کیوں ہوگئی؟

فلم کی کہانی کو بہت احتیاط کے ساتھ پیش کررہے ہیں۔
شائع 23 دسمبر 2021 02:44pm
فلم کو جنوری میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلم کو جنوری میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دی ان ٹولڈ اسٹوری آف سیریل کلر : جاوید اقبال پر بنائی گئی فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی جبکہ فلم کو 24 دسمبر کو سینیما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ریلیز کی تاخیرسے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پرفلم کے ڈائریکٹر ابو علیحہ نے بتایا کہ اس کی وجہ سنیما مالکان ہیں جن کی ترجیح ہالی ووڈ فلموں کی ریلیز ہے کیونکہ یہ فلمیں کرونا کی عالمی وبا کے دوران مالکان کو ہونے والا نقصان پورا کرنے میں مدد دے رہی ہیں۔

فلم سپائیڈرمین: نووے ہوم کی وجہ سے کہے دل جدھر جیسی ہیوی بجٹ کی فلم بھی 3 دن میں ختم کردی گئی اس لئے ہم نے رسک نہ لیتے ہوئے فلم کو جنوری میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابوعلیحہ نےایک نجی چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ ہم اس حساس ترین کہانی کو بہت احتیاط کے ساتھ پیش کررہے ہیں، یہ فلم سنسنی کیلئے نہیں ہے۔

فلم کا ٹریلر 8 دسمبر کو ریلیزکیا گیا تھا جس میں یاسرحسین پاکستان کے ایک معروف سیریل کلرکا کردار نبھارہے ہیں جبکہ عائشہ عمر خاتون پولیس افسرکے روپ میں نظرآئیں گی۔

فلم کا ٹریلرریلیز ہوتےہی سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہواجس کا آغازجاویداقبال سے ہوتا ہےجسے ہتھکڑیاں لگا کرجیل لے جایا جارہا ہے۔

پس منظرمیں مرکزی کردار کے حیران کُن مکالمے ہیں جن میں وہ اعتراف جرم کے ساتھ چند اہم سوالات بھی اٹھا رہا ہے۔

خیال رہے کہ لاہورسے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال نے 30 دسمبر 1999 کو ایک اردو روزنامہ کے دفتر میں جا کر 100 بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے گھناؤنے جرائم کی تفصیلات حکام کو ثبوتوں سمیت پیش کی تھیں جن میں تصاویر بھی شامل تھیں۔

تلاشی لینے پر اس کے گھر سے بچوں کے کپڑے اور جوتے برآمد ہوئے جبکہ معصوم بچوں کی لاش کو وہ تیزاب کےڈرم میں ٹھکانے لگاتا تھا۔

جاوید اقبال گرفتاری کے 2 سال بعد اکتوبر2001 میں جیل میں ساتھی سمیت مردہ پایا گیا تھا۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ آئشہ عمر نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر یہ خبر پوسٹ کی اور اسے ایک عظیم فیصلہ قرار دیا۔

آئشہ عمر/انسٹاگرام
آئشہ عمر/انسٹاگرام

فلم ابوعلیحہ کی اپنی کتاب کُکڑی پر مبنی ہے جس کے دوسرے حصے کی اشاعت ابھی باقی ہے،ڈائریکٹر نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ 15 جنوری کودوسری کتاب کی اشاعت کے بعد فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا جائے گا تاکہ ایک ہی سال میں دونوں فلمیں پیش کی جاسکیں۔

ڈائریکٹرکے مطابق پہلے حصے میں اٹھائے جانے والے سوالات کے جوابات دوسرے حصے میں دیئے جائیں گے جو پاکستانی فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیں گے۔