ایران کے بجائے روس یوکرین جنگ رکوانے پر توجہ دیں: ٹرمپ کی جرمن چانسلر پر تنقید
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے جوہری خطرے سے نمٹنے کی امریکی کوششوں میں مداخلت کے بجائے روس یوکرین جنگ کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔
جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو روس اور یوکرین کی جنگ ختم کرانے پر زیادہ وقت صرف کرنا چاہیے، جس میں آپ اب تک مکمل طور پر غیر مؤثر ثابت ہوئے ہیں‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن قیادت کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے ملک کے تباہ حال نظام بالخصوص امیگریشن اور توانائی کے مسائل کو ٹھیک کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فریڈرک مرز کو ان لوگوں کے معاملات میں کم مداخلت کرنی چاہیے جو ایران کے جوہری خطرے کو ختم کر کے جرمنی سمیت پوری دنیا کو ایک محفوظ جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران جنگ کے معاملے پر امریکی صدر اور جرمن چانسلر کے درمیان لفظی جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے فریڈرک مرز کے ایک بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جرمن رہنما نہیں جانتے کہ وہ کیا بات کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فریڈرک مرز نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ دو ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں ایرانی حکام امریکا کو ’ذلیل‘ کر رہے ہیں۔














