Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

پہلی مرتبہ حقیقی کھلاڑی سے پالا پڑا تو سب اناڑیوں کی ”کانپیں ٹانگ“ رہی ہیں، اسد عمر

سیاست میں پے درپے شکستِ فاش کی خفت مٹانے کیلئے اناڑی جتھے بندی اور تشدد کا سہارا لینا چاہتے ہیں، یہ عام انتخابات میں شکست کے غم سے نکلے نہیں کہ عدمِ اعتماد کی ہزیمت ان کی راہ تک رہی ہے۔
شائع 11 مارچ 2022 02:28pm
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے مسلح جتھے بندی اور اپوزیشن کے حربوں کو شکست سے پہلے شکست قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں کہ پوری قوم نے سیاست کے ”اناڑیوں“ اور حقیقی ”کھلاڑی“ میں فرق دیکھ لیا ہے، باہم مک مکا اور نورا کشتی سے ”اناڑیوں“ نے سیاست کو یرغمال بنا رکھا تھا۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ پارلیمان کے اندر کی لڑائی کو سڑکوں پر طوائف الملوکی میں بدلنے کی کوششوں کو خاک میں ملائیں گے اور نہ کسی کو داخلی امن تاراج کرنے کا موقع دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں پے درپے شکستِ فاش کی خفت مٹانے کیلئے اناڑی جتھے بندی اور تشدد کا سہارا لینا چاہتے ہیں، یہ عام انتخابات میں شکست کے غم سے نکلے نہیں کہ عدمِ اعتماد کی ہزیمت ان کی راہ تک رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ حقیقی ”کھلاڑی“ سے پالا پڑا ہے تو سب اناڑیوں کی ”کانپیں ٹانگ“ رہی ہیں اور پارلیمان کے ایک حصے پر جتھوں کی یلغار اصل مقابلے سے فرار کی بھونڈی کوشش ہے، سیاست ان کے بس میں کبھی تھی نہ آئندہ ہوگی۔

اس کے علاوہ اسد عمر نے کہا کہ قوم نے ان سے کہیں زیادہ سفاک اور درندہ صفت لشکروں کو شکست کی دھول چٹائی ہے، پاکستان آزادی و خودمختاری کی راہ پر پیش قدمی جاری رکھے گا انشاءاللہ اور آئندہ بھی زمامِ قیادت عمران خان ہی کے دستِ قابل میں رہے گی۔

PDM

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div