Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

اورنگی ٹاؤن میں ورچوئل یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح کردیا گیا

رپورٹ: کامران شیخ کراچی میں قائم ملک کی سب سے بڑی کچی آبادی...
شائع 21 مارچ 2022 07:23pm
Photo: Kamran Sheikh
Photo: Kamran Sheikh

رپورٹ: کامران شیخ

کراچی میں قائم ملک کی سب سے بڑی کچی آبادی اورنگی ٹاؤن کے مکین اب اعلیٰ تعلیم اپنے گھر کی دہلیز پرحاصل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں ورچوئل یونیورسٹی کا کیمپس قائم کردیا گیا، جس کے بعد علاقے کے طلباء وطالبات کو ڈگری پروگرامز یا اعلیٰ تعلیم کے حصول میں درپیش دشواری ختم ہوگئی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اورنگی ٹاؤن کراچی میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح کیا، تقریب کا انعقاد داتا نگراورنگی کے مقامی ہال میں ہوا۔

افتتاحی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب، ایم کیوایم رکن سندھ اسمبلی علی خورشیدی، صداقت حسین، سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت،سابق چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی،عمائدین شہراور طلبہ نے بھی شرکت کی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر سید امین الحق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو بھی وہی معیار تعلیم میسر آئےجو یہاں ایلیٹ کلاس کو حاصل ہے تاکہ یہ لوگ بھی ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی اسکلز پروگرامز کے ذریعے ورچوئل یونیورسٹی کے تحت 24 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو فری لانسنگ ٹریننگ دی گئی جو آج ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کماتے ہوئے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت ایک بہترین معاشرے کی تشکیل میں بنیادی حیثیت کی حامل ہوتی ہے امید ہے اورنگی ٹاؤن کا یہ کیمپس علاقے میں جدید تعلیم کی راہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مرتضٰی وہاب سے درخواست کی تھی کہ ورچوئل یونیورسٹی کے لئے اورنگی ٹاؤن میں عمارت دی جائے، جس کے بعد انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر ہماری درخواست پر عمل کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے آج اورنگی ٹاؤن کی عوام کو جدید تعلیم کا جو تحفہ دیا ہے یہ وژن سید امین الحق کا تھا بلدیہ عظمی کراچی نے سید امین الحق کی کاوشوں کو دیکھ کر فوری طورپر تمام سہولیات فراہم کیں، مستقبل میں اگر ہم مل کر کام کریں تو ایک مضبوط نظام نوجوان طبقے کو دے سکتے ہیں۔

رکن سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کچی آبادی کی وجہ سے مشہور ہے یہاں بنیادی سہولیات کا فقدان تھا، اورنگی کی عوام نے جب ہمیں ایوان میں بھیجا تو ہم نے یہاں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

اپنے خطاب میں سیکریٹری وزارت آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ صرف تعلیم ہے، تعلیم میں تنزلی کی وجہ سے یہ ملک کافی پیچھے چلا گیا ہے، کورونا ایمرجنسی میں ورچوئل یونیورسٹی کی مقبولیت مزید بڑھ گئی، آج ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے سکھر دادو نوابشاہ ٹھٹھہ کا بچہ بھی اعلی تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔

ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ورچوئل یونیورسٹی گریجویٹس کو آئی ٹی انڈسٹری میں ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ وہ دوسروں کو تربیت کی فراہمی کے طور پر ٹریننگ حاصل کرتے ہیں جبکہ ہماری یونیورسٹی کے گریجویٹس پاکستان بھر میں پاک فوج سمیت دیگر اہم اداروں میں نہ صرف اہم عہدوں پر کام کر رہے ہیں، بلکہ کئی طلباء بہت سے بین الاقوامی اور مقامی مقابلوں کے فاتح بھی ہیں۔

یونیورسٹی کے رجسٹررار پروفیسرڈاکٹر محسن نے نمائندہ آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے بارے میں بتایا کہ ورچوئل یونیورسٹی پورےملک سےکسی بھی سبجیکٹ کا اسپیشلسٹ لیکرانکے لیکچرزکو ریکارڈ کرتی ہے یہ جامعہ دراصل ایسے بچوں کیلئے ہے جنکے پاس یا تو ٹائم نہیں ہے یا پھر پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن طلباء کے پاس کمپیوٹر یا دیگر ٹیکنالوجی موجود ہیں وہ گھرمیں ہی پڑھ سکتے ہیں جبکہ کم نمبروالے طلبہ بھی یہاں داخلہ لےسکتے ہیں۔

ورچوئل یونیورسٹی کی بنیاد 2002 میں رکھی گئی، 26 مارچ 2002 میں پہلی کلاس کا آغاز ہوا جس میں طلبہ و طالبات کی تعداد 500 تھی،اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد انفارمیشن اور کمیونیکیشن کے اس جدید دورمیں فاصلاتی تعلیم کے نظام کو رائج کرنا ہے۔

karachi

Orangi Town

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div