Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیش گوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں کہا کہ 4 اگست کی شام مشرقی سندھ میں درمیانے درجے کے ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔
شائع 02 اگست 2022 08:28pm
فوٹو (فائل)
فوٹو (فائل)

محکمہ موسمیات کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 5 اگست (جمعہ) سے 9 اگست (منگل) تک مزید بارشیں ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں کہا کہ 4 اگست کی شام مشرقی سندھ میں درمیانے درجے کے ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔

بیان کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

جبکہ خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ادھر کراچی میں 6 اگست سے 9 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اس عرصے کے دوران شہر میں درجہ حرارت 26 سے 32 ڈگری کے درمیان رہے گا اور نمی 80 فیصد سے کم رہے گی۔

شہر میں مغربی اور جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

اپنی تازہ ترین پیشین گوئی میں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، دادو، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع کے نشیبی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ہنگامی صورت حال میں تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یاد رہے کہ مون سون کی بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے ، جس سے اب تک 312 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔