Aaj News

بدھ, مئ 08, 2024  
29 Shawwal 1445  

شہلا رضا بطور ہاکی ٹیم منیجر “بنکاک” جانے کی تیاری میں

شہلا رضا نے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو جواب دیا ہے۔
شائع 04 اگست 2022 05:33pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور خواتین کی ترقی کی صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا کو بظاہر خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کی منیجر مقرر کر دیا گیا ہے۔ جو 8 سے 15 اگست تک ہونے والے انڈور ہاکی ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے ساتھ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک جائیں گی۔

پاکستانی ٹیم کے پاس ایونٹ کی تیاری کے لیے سامان نہیں تھا، شہلا رضا نے مبینہ طور پر ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان مہیا کیا۔

معروف اسپورٹس رپورٹر قادر خواجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ قائم مقام جنرل سیکرٹری ہاکی سید حیدر، شہلا رضا کے بہت قریب ہیں، شہلا رضا سندھ سپورٹس بورڈ کی جنرل سیکرٹری ہیں اور کئی ہاکی اسٹیڈیم پر قابض ہیں۔

قادر خواجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری کی تعیناتی بھی ان کے کہنے پر ہوئی، جبکہ شہلا رضا کو اب ویمن ہاکی ٹیم کا مینجر بنا دیا گیا ہے۔

شہلا رضا کو بطور ویمن ہاکی ٹیم کی مینیجر بیرون ملک سفر پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس خبر پر “انا للہ وانا الیہ راجعون” بھی پڑھ لیا۔

تاہم، شہلا رضا نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے ہاکی ٹیم کے ساتھ اپنی برسوں پرانی وابستگی کے بارے میں بتایا۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنے عہدے کا بہت غلط فائدہ اٹھاتے ہیں۔ میں گزشتہ 4 سال سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سے منسلک ہوں اور کراچی کی بوائز ٹیم کی چیئرپرسن ہوں۔ فیڈریشن نے سندھ کی گرلز ہاکی ٹیم کا جنرل مینیجر بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے کراچی کے بچوں کے لیے بہت محنت کی ہے اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ 30 سال بعد ملک میں کھیلے جانے والے قومی میچوں میں ملیر کلب کی ہماری بوائز ٹیم 750 سے زائد کلبوں کے خلاف کھیل کر فائنل میں پہنچی۔

شہلا رضا نے کہا کہ اب ہماری گرلز ٹیم اگلے دو سے تین روز میں بنکاک جا رہی ہے جس کے لیے میں نے ابھی چھٹی بھی نہیں لی، لیکن یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے مجھے ہاکی ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی کئی سیاسی شخصیات کو منیجر کے طور پر لیا جا چکا ہے اس لیے پریشان ہونے اور ٹویٹ کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ٹورنامنٹ کے لیے 10 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

کھلاڑیوں میں شازمہ نسیم، طاہرہ اسلام، حمیرا لطیف، اقرا اقبال، مائرہ صابر (کپتان)، ندا اصغر، کلثوم شہزادی، مریم حنیف، اریبہ سرور اور دعا خان شامل ہیں۔

نعیم احمد اور راحت خان ٹیم کے کوچنگ پینل کا حصہ ہوں گے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div