Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

مریم نواز کی لندن روانگی کو اہم تقرری سے جوڑنے کی کوشش

فیصلہ لندن میٹنگ میں ہوگا۔ شیخ رشید کا دعویٰ
شائع 05 اکتوبر 2022 02:27pm

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف پاسپورٹ واپس ملنے کے اگلے ہی روز بدھ کو لندن روانہ ہوگئیں۔ وہ تین برس بعد اپنے والد میاں نواز شریف سے ملیں گی۔ تاہم سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مریم کی لندن روانگی کو ملک کے ایک اہم ادارے میں ہونے والی اہم تقرری سے جوڑنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

شیخ رشید اور پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے بدھ کو مریم کے ایک حالیہ بیان کا حوالہ دیا۔ منگل کو پریس کانفرنس میں مریم نے کہا تھا کہ عمران خان نے ایک ایماندار افسر کو صرف اس لیے عہدے سے ہٹا دیا کہ اس افسر نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان ان کے دفتر میں جا کر بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم رشوت میں ہیروں کے ہار لے رہی ہیں۔

اگرچہ مریم نے کسی افسر کا نام نہیں لیا لیکن شیخ رشید نے کہا کہ وہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کا نام لے رہی تھیں۔ جنرل عاصم منیر آئی ایس آئی کے سربراہ تھے تاہم عمران خان نے انہیں تعیناتی کے 8 ماہ بعد ہی ہٹا دیا تھا۔

شیخ رشید احمد نے بدھ کو ٹوئیٹس میں کہاکہ مریم نے جنرل عاصم منیر کا نام لے کر نواز شریف کی خواہش کو خبر بنایا ہے۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ آل شریف کی سیاست کا فیصلہ چند دن میں لندن کی میٹنگ میں ہو رہا ہے۔

شیریں مزاری نے بھی ایماندار افسر کے حوالے سے مریم نواز کی پریس کانفرنس کا کلپ ری ٹوئیٹ کیا۔

لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر ان سینئر جرنیلوں میں شامل ہیں جن میں سے کسی ایک کو ممکنہ طور پر اگلا آرمی چیف تعینات کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے حلقوں کی جانب سے تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ مریم نواز شریف کے لندن پہنچنے کے بعد اس حوالے سے فیصلہ ہوگا۔

اس سے قبل دعوے کیے جا چکے ہیں کہ اسحاق ڈار کی واپسی کی راہ ہموار کرنے میں مریم نواز نے اہم کردار ادا کیا۔

politics oct 5 22

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div