اداکارہ مایا علی نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

یہ ایوارڈ میرے لیے بطور ایک قابلِ فخر پاکستانی اعزاز کی بات ہے، اداکارہ
شائع 06 نومبر 2022 12:06am

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مایا علی نے بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

اداکارہ مایا علی نے ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) جیتا جس کی تقریب گزشتہ روز دبئی میں منعقد ہوئی۔

اداکارہ مایا علی نے ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے بطور فنکار ہی نہیں بلکہ بطور ایک قابلِ فخر پاکستانی اعزاز کی بات ہے۔

تقسیمِ اعزازات کی تقریب متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں 5نومبر کی شب منعقد ہوئی جس میں فنکاروں نے ایوارڈ وصولی کے ساتھ ساتھ گانے بھی گائے اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

سالانہ ایوارڈز کی اس تقریب میں ممتاز بین الاقوامی اور عرب شخصیات کو ان کی کامیابیوں اور معاشرے کی بہتری میں شراکت کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2020میں سجل علی کو انٹرنیشنل آئیکون جبکہ 2019 میں پاکستان کی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے بھی یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔