Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

میشا شفیع کو بذریعہ ویڈیولنک بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت

سپریم کورٹ کا 12 صفحات پرمشتمل تحریری حکمنامہ جاری
شائع 21 نومبر 2022 01:39pm

سپریم کورٹ نے گلوکارعلی ظفر کے خلاف جنسی ہراسانی کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کو کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو لنک جرح کی اجازت دے دی۔

عدالت نے میشا شفیع کی درخواست منظورکرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قراردیا کہ میشا کومحض ایک بیان ریکارڈ کروانے کیلئے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں۔

سپریم کورٹ نے میشا شفیع کی درخواست منظورکرنے سے متعلق 12 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے تحریری حکم نامہ میں کہا کہ میشا شفیع 2016 سے کینیڈا میں مقیم ہیں اور دوبچوں کی والدہ ہیں، انہیں محض ایک بیان ریکارڈنگ کیلئے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں۔ میشا شفیع کو جرح کیلئے کینیڈا میں پاکستانی ایمبیسی جانے کی بھی ضرورت نہیں۔

حکمنامے کے متن کے مطابق ، گزشتہ 8 ماہ سے میشا شفیع سے جرح ہو رہی ہے۔ بدقسمتی سے جرح میں تاخیری حربوں سے متاثرہ فریق پردباؤ ڈال کر بیان بدلوانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عدالت نے قراردیا کہ جرح کے دوران جج کو خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے، جج اگر محسوس کرے کہ جرح کا حق غلط استعمال ہو رہا ہے تو اسے مداخلت کرنی چاہیے۔

تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کیس میں میشا کا بیان اہمیت کا حامل ہے۔ عدالت میں بیان ریکارڈکروانے کیلئے ورچوئل موجودگی بھی کافی ہے اور یہ بہترین وقت ہے کہ عدالتوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیاجائے۔

پس منظر

واضح رہے کہ اپریل 2018 میں میشا شفیع نے ٹوئٹر پرعلی ظفرکیخلاف الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں ایک سے زیادہ مواقع پرجسمانی طورپرہراساں کرچکے ہیں۔

جواب میں علی ظفرنے میشا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائرکرتے ہوئے موقف اختیارکیا تھا کہ میشا نے 19 اپریل 2018 کو اپنا ٹوئٹر اکاونٹ میرے خلاف تحقیرآمیزجملے اورجھوٹے الزامات پوسٹ کرنے کے لئے استعمال کیا۔

گلوکارنے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان دفاع کے کئی مواقع دينے کے باوجود تسلی بخش جواب نہيں دے سکے، جنسی ہراسانی کے الزام سے ہفتوں قبل کئی جعلی اکاؤنٹس کی جانب سے میرے خلاف مذموم مہم کا آغازکیا گیا، میری ساکھ کو پہنچنے والے نقصان اورجھوٹے الزامات عائد کرنے پرمیشا شفیع ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔

اس کیس میں پہلی بار دسمبر2019 میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروانے والی میشا شفیع 16 دسمبر 2020کو 2 سال بعد اپنے خلاف ہتک عزت کے کیس میں پہلی بار پیش ہوئیں تھیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div