Aaj News

بدھ, ستمبر 11, 2024  
06 Rabi ul Awal 1446  

ٹام کروز کیلئے کوئی مشن ”امپاسیبل“ نہیں

ٹام کروز کے حالیہ ایکشن کو سنیما کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹنٹ کہا جارہا ہے۔
شائع 20 دسمبر 2022 05:12pm

موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پہاڑ سے کودنے کا جگرا صرف ٹام کروز میں ہی ہے جو اپنی فلموں کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوتے ہیں۔

ہالی ووڈ اداکار اور معروف ترین ایکشن ہیرو ٹام کروز کیلئے فلم کی عکس بندی کے دوران جان جوکھوں میں ڈال کر خطرناک ترین اسٹنٹ کرنا معمول بن گیا ہے۔ اور اب اپنی نئی فلم ”مشن امپاسیبل: ڈیڈ ریکوننگ“ پارٹ ون کے لیے ٹام کروز نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا ہے اور ان کے حالیہ ایکشن کو ”سنیما کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹنٹ“ کہا جارہا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر عالمی پلیٹ فارم پر ایکشن فلموں کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔

اپنی تازہ ترین فلم ”ٹاپ گن: میورک“ کی کامیابی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو دنگ چھوڑنے کے بعد جنوبی افریقہ میں ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کے دوران ٹام کروز نے آنے والی مشن امپاسبل فلموں کے سیٹ سے ایک نیا ”بی ہائنڈ دا سین“ کلپ شیئر کیا ہے۔ جس میں انہیں موٹر سائیکل کے ساتھ پہاڑ سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ساٹھ سالہ اداکار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”ہم جو کام کر رہے ہیں اس کا اشتراک کرنے کے لئے بہت پرجوش ہوں۔ مشن امپاسبل۔“

بی ٹی ایس ویڈیو میں، ٹام کروز 500 سے زیادہ اسکائی ڈائیو پرفارم کر کے اور تقریباً 13,000 موٹر کراس چھلانگیں لگا کر اس خطرناک اسٹنٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس کے بعد وہ ناروے میں ایک چٹان پر بنائے گئے وسیع ریمپ پر اصل کرتب دکھاتے ہیں۔

اس دوران ڈائریکٹر کرسٹوفر میک کوری پریشان ھالت میں سر ہاتھوں میں تھامے اسکرین پر نظریں ٹکائے یہ سب کچھ دیکھتے رہے۔

عملے کے ایک رکن کے مطابق، ٹام کروز نے جس دن فائنل ٹیک شوٹ کیا اس دن پہاڑ سے چھ بار چھلانگ لگائی۔

مشن: امپاسیبل ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون اگلے سال 14 جولائی کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی، جبکہ پارٹ ٹو کا پریمیئر 28 جون 2024 کو ہونا ہے۔

Tom Cruise

Mission Impossible: Day of Reckoning

Stunt