Aaj News

جمعہ, مئ 24, 2024  
15 Dhul-Qadah 1445  

عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست نمٹادی گئی

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست غیر مؤثر قرار دے دی
شائع 09 جنوری 2023 12:26pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن سےعمران خان کی نااہلی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ آفاق احمد عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے نااہل نہیں کر رہا۔

جس پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کے بعد آپ کی درخواست تو بظاہر غیر مؤثر ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد تو آپ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

آفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری درخواست ابھی غیر مؤثر نہیں ہوئی، میرے دلائل اظہر صدیق والی درخواست کے بعد سن لیں۔

جس پر چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے کہا کہ اظہر صدیق صاحب اب تو عمران خان خود درخواست گزار بن چکے، حلقے کے ووٹر کی درخواست بھی بظاہر غیر مؤثر ہے۔

اظہر صدیق نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ عمران خان کی درخواست سنگل بینچ میں چل رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔

عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ میں نااہلی کے خلاف حلقے کے ووٹر کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے یہ درخواست بھی خارج کر دی۔

pti

imran khan

Lahore High Court

chief justice ameer bhatti