Aaj News

منگل, مئ 14, 2024  
05 Dhul-Qadah 1445  

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈ اپور دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا
شائع 11 اپريل 2023 03:09pm
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور

تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد اے ٹی سی پیش کیا گیا، جہاں کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کو روسٹرم پر بلایا اور استفسار کیا کہ کیا آپ کو ٹارچر تو نہیں کیا گیا۔ جس پر علی امین نے نفی میں جواب دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کی جانب سے دہشتگردی کی دفعات ہٹا دی ہیں، اب متعلقہ عدالت میں پیش کر سکتے ہیں۔

علی امین کے وکیل بابر اعوان کے معاون نے عدالت میں استدعا کی کہ بابر اعوان پہنچنے والے ہیں تھوڑا انتظار کر لیا جائے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ یہاں دہشت گردی کی دفعات ہٹانے کے لئے کیس داخلہ کیا گیا تھا اور اب دفعات ہٹ دی گئیں ہیں، آپ کیا چاہتے ہیں کہ دہشتگردی کی دفعات نہ ہٹائی جائیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ پہلے دہشتگردی کی دفعات لگا کر عدالت کا وقت ضائع کیا گیا، ہم اس پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔

جج راجہ جواد عباس حسن نے ریمارکس دیئے کہ چلیں ہم دونوں سائیڈ کو دس ،دس منٹ سن لیتے ہیں اور عدالت نے بابر اعوان کی آمد تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔

کچھ دیر بعد وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ ہوئی تو پرویز خٹک اور اسد قیصر وکیل بابراعوان کے ہمراہ کمرہ عدالت پہنچ گئے۔

وکیل بابر اعوان نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ تفتیشی افسر نے کل عدالت کا وقت ضائع کیا، اس نے وکیلوں کا وقت بھی ضائع کیا، اور ملزم کو ذلیل و خوار کیا۔

وکیل بابراعوان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف نجی چینل مدعی نہیں، عدالتی وقت ضائع کرنے پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے، چھ ماہ بعد مجسٹریٹ نے جھوٹ پر مبنی مقدمہ درج کیا۔

جج نے استفسار کیا کہ کیا اسے ایمانداری نہیں کہیں گے کہ دہشتگردی کی دفعات حذف کردیں۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو ضلعی کچہری لے جانے کی ہدایت کردی۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد پہنچایا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ اور علی امین کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈا پور کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں، اور کہا کہ فریقین جمعے تک علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعے تک ملتوی کردی۔

pti

Islamabad High Court

Ali Amin Gandapur

cases details

justice arbab mohammad tarhir

politics april 11 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div