Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید، خواجہ آصف کا مفتاح اسماعیل سے گلہ

ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت مفتاح اسماعیل کے میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیر دفاع
شائع 31 مئ 2023 11:59pm
مفتاح اسماعیل اور خواجہ آصف پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو — فائل
مفتاح اسماعیل اور خواجہ آصف پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے پر اپنی ہی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نام پیغام جاری کردیا۔

ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں، ان کے پاکستان کے معاشی حالات پر تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ن لیگ کا حصہ ہیں، جماعت ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے، ان کی قابلیت مسلمہ ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کے میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کے لیے مفید بھی ہو سکتی ہے اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں۔

اپنی ٹویٹ میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جماعت نے مفتاح اسماعیل کو دو بار وزارت خزانہ سے نوازا، ان کو وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبار ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کے بعد مفتاح اسماعیل وقتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔

economic crisis

ٹویٹر

Khawaja Asif

Miftah Ismail

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div