Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

کراچی: نوجوان کا قتل ٹارگٹ کلنگ یا ڈکیتی مزاحمت

میرے بچے حسنین کو ٹارگٹ کرکے مارا گیا ہے، والدہ
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2023 09:51pm

کراچی میں سچل تھانہ کی حدود میں مبینہ ڈکیتی ناکام ہونے پر ملزمان کے ساتھیوں نے کار کے سامنے آکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہری حسنین حیدر جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے بچے حسنین کو ٹارگٹ کرکے مارا گیا ہے۔

فائرنگ کا واقعہ سچل تھانے کی حدود میں پی سی ایس آئی آر لیبارٹری اور مدراس سوسائٹی محمد خان چوک کے قریب گزشتہ رات پیش آیا۔

سچل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سینے اور گردن میں گولی لگنے سے حسنین حیدر شدید زخمی ہوا اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، واقعہ بظاہر ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہورہا ہے، مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے، مقتول حسنین کے ساتھ موجود اسکے دوست کا بیان قلمبند کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے آگے آکر گاڑی روکنے کا اشارہ کیا، مقتول کے دوست نے ملزمان پر گاڑی چڑھائی جس سے ملزم گر گئے۔

پولیس نے جاں بحق شہری کے ساتھی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ گاڑی کی ٹکر کے بعد ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے جبکہ گاڑی کے پیچھے موجود ملزمان کے دو ساتھیوں نے آگے آکر گاڑی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی جانب سے تین گولیاں گاڑی پر فائر کی گئیں جس میں سے دو حسنین حیدر کو لگیں۔

جاں بحق حسنین کی والدہ کا بیان

مقتول حسنین حیدر 3 بچوں کا باپ اور ماں کا لاڈلا تھا، مقتول کی والدہ اور اہلخانہ نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

والدہ کا کہنا ہے کہ حسنین گزشتہ رات دوست سہیل کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن جا رہا تھا، میرے بچے حسنین کو ٹارگٹ کرکے مارا گیا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ حسنین آن لائن قرآن پاک کی تعلیم دیتا تھا، لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہتا تھا اور کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، اپنے کام سے کام رکھتا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ابتدائی طور پر واقع ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے، مقتول حسنین کے ساتھ موجود اسکے دوست کا بیان قلمبند کیا گیا ہے، ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں، ملزمان کی موٹر سائیکل تحویل میں لے لی گئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ تحقیقات میں مدد کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں، جائے وقوعہ سے 4 خول برآمد ہوئے، واقع کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ملزمان کے بھائی گرفتار

سچل پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے مدینہ کالونی میں چھاپہ مارا ہے۔ ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزمان کے بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ڈکیتوں کی نشاندھی کرلی گئی ہے، ملزمان اس سے پہلے بھی کئی جرائم میں ملوث رہ چکے ہیں۔

دوسری طرف ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا یا پھر ٹارگٹ کلنگ، پولیس اس حوالے سے تفتیش کررہی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل مالک سمیت دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مشتبہ افراد میں نعمت اللہ اور احسان اللہ شامل ہیں، واقعے میں ملنے والی موٹر سائیکل کے مالک کی شناخت امین کے نام سے ہوئی ہے، موٹرسائیکل مالک کا بیٹا بھی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

Murder

Karachi Police

Street Crimes

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div