بھارت: گجرات سیلاب کی لپیٹ میں آگیا، پانی کے شدید بہاؤ میں گاڑیاں بہہ گئیں

ریاست کے کچھ علاقوں میں 8 انچ بارش ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات
شائع 22 جولائ 2023 07:20pm
تصویر: بھارتی میڈیا
تصویر: بھارتی میڈیا

بھارت کے مختلف حصوں بارش نے خوب تباہی مچاتے ہوئے ریاست گجرات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں سڑکوں پر پانی کا شدید بہاؤ سامنے آنے والی ہرشے کو اپنے ساتھ بہا کرلے گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مون سون کی شدید بارشوں سے گجرات کے متعدد شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جونا گڑھ ضلع میں موسلادھاربارش کے باعث پانی میں گاڑیاں بہہ گئیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے گجرات کے مختلف اضلاع کے لیے 24 جولائی تک الرٹ جاری کیے ہیں۔

انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ اورانڈین نیشنل سینٹر فار اوشین انفارمیشن سروسز نے گجرات کے ساحل سے متصل رہنے والوں کو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان پر زور دیا ہے کہ وہ 22 جولائی سے 26 جولائی تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے 21 اور 22 جولائی کو گجرات کے متعدد علاقوں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 24 جولائی تک بارش کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

مزید کہا کہ 25 جولائی کو بھی درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ خبردار کیا ہے کہ ریاست کے کچھ علاقوں میں 8 انچ بارش ہو سکتی ہے۔

گجرات میں آنے والے سیلاب کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی کا بہاؤ اس قدر تیز ہے کہ اس کے ساتھ کوئی بھی چیز سنبھل نہیں پارہی ہے۔

دوسری کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے بارش کی وجہ سے سڑک پر پانی کا کافی شدید دباؤ ہے جبکہ کچھ لوگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے دریائے جمنا میں موجود سیلابی پانی تاج محل کی دیواروں تک پہنچ گیا تھا۔ دریائے جمنا کا پانی 45 سال میں پہلی بار تاج محل کی دیواروں تک پہنچ چکا تھا۔

Gujarat Rains