Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

طلال چوہدری کی 5 سالہ نااہلی ختم، ’نواز شریف کی مبارکباد

ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی، نوازشریف
اپ ڈیٹ 02 اگست 2023 04:25pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کی پانچ سالہ نااہلی کی مدت آج ہوگئی ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے طلال چوہدری کی ایک عوامی جلسے سے تقریر پر نوٹس لیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے 02 اگست 2018ء کو توہینِ عدالت کے ایک مقدمے میں طلال چوہدری کو 5 سال کے لیے نا اہلی کی سزا سنائی تھی۔

نوازشریف کی طلال چوہدری کو مبارکباد

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری کو ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔

نوازشریف نے کہا کہ ہر طرح کے ظلم کو میں نے اور ساتھیوں نے تو صبر سے برداشت کر لیا، مگر ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی، اور 2017 کے پھلتے پھولتے پاکستان کو اس نہج تک پہنچا دیا گیا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئی،اللہ تعالی نے دوبارہ موقع دیا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔

طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

اپنی نااہلی کے خاتمے پر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سیاست نوازشریف کے گرد گھومتی ہے، آنے والے الیکشن کو نوازشریف ہی لیڈ کریں گے، نواز شریف ہی چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاناما ڈرامے کا مقصد چن چن کر لوگوں کو نکالنا تھا، یہ الیکشن انصاف ہونے کے بعد ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ طلال چوہدری نے 2018ء میں فیصل آباد کے ایک جلسے سے تقریر کے دوران آمریت کو قانونی سہارا فراہم کرنے والے ججز پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ’پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ میں فوجی آمر کے عبوری آئینی حکم نامے پر حلف لینے والے بت بیٹھے ہیں۔ عدلیہ کو ان سے پاک نہ کیا تو ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘

طلال چوہدری کے اس بیان پر سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 63 ون جی کے تحت انہیں توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیا تھا۔

طلال چوہدری نے 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 102 فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو واضح برتری سے شکست دی تھی۔

talal chaudhry

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div