Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

ڈاکٹر شمشاد اختر نے نگراں وزیر خزانہ کا چارج سنبھال لیا

وزارت خزانہ پہنچنے پر محکمہ کے افسران نے شمشاد اختر کا استقبال کیا
اپ ڈیٹ 17 اگست 2023 09:34pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

ڈاکٹر شمشاد اختر نے نگراں وزیر خزانہ کا چارج سنبھال لیا۔ حلف اٹھانے کے چند منٹ بعد ہی شمشاد اختر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے وزارت خزانہ پہنچ گئیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وفاقی کابینہ سے حلف لیا۔

وزارت خزانہ حکام نے نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا استقبال کیا۔ وزارت خزانہ حکام کی جانب سے شمشاد اختر کو گلدستہ پیش کیا گیا اور مبارکباد دی گئی۔

شمشاد اختر کے وزارت خزانہ پہنچنے سے چند منٹ قبل نگراں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا۔ وفاقی کابینہ میں 11 وزراء اور 7 معاون خصوصی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ نگراں وفاقی کابینہ میں شمشاد اختر نے نگراں وزیر خزانہ کا منصب سنبھالا ہے ان کے علاوہ احمد عرفان اسلم وزیر قانون ہوں گے۔

اسی طرح شاہد اشرف تارڑ نگراں وزیر مواصلات اور سرفراز بگٹی وزیرِ داخلہ ہوں گے۔

اسی طرح ڈاکٹر گوہر اعجاز وزیر صنعت وتجارت، محمد علی وزیر توانائی اور انیق احمد وزیر برائے مذہبی امور ہوں گے۔

سید انور علی حیدر کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ مرتضیٰ سولنگی کو وزارت اطلاعات دی گئی ہے۔

جلیل جیلانی کو وزارت خارجہ اور جمال شاہ کو ثقافت کا قلمدان دیا جائے گا۔

اسی طرح شاہد اشرف تارڑ پوسٹل سروسز اور ریلویز کے نگراں وزیر ہوں گے، ڈاکٹر ندیم جان وزیر صحت ہوں گے، مدد علی سندھی وزیر تعلیم، خلیل جارج اقلیتی امور، محمد سمیع سعید بھی نگران وفاقی کابینہ میں شامل ہوں گے۔

ائیر مارشل (ر) فرحت حسین خان ہوا بازی، احد خان چیمہ اسٹیبلشمنٹ اور وقار مسعود خان فنانس کے مشیر ہیں۔

اسی طرح مشال حسین ملک، جواد سہراب ملک، وائس ایڈمرل (ر) افتخار راؤ، وصی شاہ، ڈاکٹر جہانزیب خان اور سیدہ عارفہ زہرہ نگراں کابینہ میں بطور معاون خصوصی شامل کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کی خدمات

ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006 سے تین سال تک اسٹیٹ بینک کی گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ملک کے مرکزی بینک کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون بنیں۔

اسٹیٹ بینک کی گورنر کے طور پر اپنی تقرری سے قبل، ڈاکٹر شمشاد اختر نے جنوری 2004 سے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی ڈائریکٹر جنرل برائے جنوب مشرقی ایشیا کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ محکمہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں۔ شمشاد اختر مشرقی اور وسطی ایشیا میں شعبہ کی ڈائریکٹر، گورننس، فنانس اور ٹریڈ ڈویژن کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کو رواں ہفتے یوم آزادی کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

حیدرآباد میں پیدا ہونے والی ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد میں حاصل کی۔ انہوں نے 1974 میں پنجاب یونیورسٹی سے بی اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے معاشیات میں ایم ایس سی کیا ہوا ہے۔ انہوں نے 1977 میں یونیورسٹی آف سسیکس سے ڈیولپمنٹ اکنامکس اور1980 میں یو کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے معاشیات میں ایم اے اور پی ایچ ڈی کی۔

شمشاد اختر پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ فلبرائٹ اسکالر ہیں اور 1987 میں ہارورڈ یونیورسٹی کے شعبہ اقتصادیات میں وزٹنگ فیلو رہی ہیں۔

وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن بھی رہ چکی ہیں۔

Caretaker prime minister

caretaker cabinet

Shamshad Akhtar

Caretaker Finance Minister

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div