Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 2 افسر ایک جوان شہید

پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان پاک بحریہ
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2023 05:21pm

گوادر میں پاک بحریہ کا کنگ سی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں دو افسران اور ایک جوان شہید ہوگیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا، بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ نے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم دیگر اطلاعات کے مطابق یہ ویسٹ لینڈ ڈبلیو ایس 61 سی کنگ ہیلی کاپٹر تھا، سی کنگ ایک اینٹی شپ ہیلی کاپٹر ہے لیکن کئی دہائیوں سے یہ دنیا بھر میں ریسکیو آپریشنز میں استعمال ہوتا ہے۔

پاک بحریہ نے پہلی بار 1974 میں سی کنگ ہیلی کاپٹر امریکا سے حاصل کئے تھے، اس کے 111 اے ایس ڈبلیو اسکواڈرن میں کم از کم چھ کنگ سی ہیلی کاپٹرز ہیں، اسکواڈرن نے 2011 میں سندھ میں سیلاب ریلیف آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

صدر کا قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔

صدر مملکت نے حادثے میں نیوی کے افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کے بلندی درجات کی دعا کی اور وطن کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صدر نے سوگواران کے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا اظہار افسوس

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرکے حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے حادثے میں تین اہلکاروں کی شہادت پر غم کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی گوادر ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

انھوں نے کہا کہ مادر وطن کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

Pakistan Navy

President Arif Alvi

Anwaarul Haq Kakar

Training plane crashed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div