Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

فیکٹ چیک: شکاگو میں مسجد نما عمارت میں جوا خانہ کھل گیا

سن 2022 میں اعلان کیا گیا تھا کہ اس سائٹ پر عارضی طور پر ایک کیسینو قائم کیا جائے گا۔
شائع 13 ستمبر 2023 04:54pm
تصویر: وکی پیڈیا
تصویر: وکی پیڈیا

امریکی ریاست شکاگو میں 9 ستمبر کو ”بالیز“ نامی ایک جوئے خانے (کیسینو) کا افتتاح کیا گیا، لیکن جیسے ہی اس جوئے خانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئیں مسلمانوں کے درمیان بے چینی پھیل گئی، کیونکہ جس عمارت میں یہ جوا خانہ قائم کیا گیا اس کا نام ”مدینہ ٹیمپل“ ہے اور اس کا طرز تعمیر مسجد نما ہے۔

سوشل میڈیا پر جو ویڈیوز اور تصاویر گردش کر رہی ہیں ان میں عمارت کا نام اور مرکزی دروازے پر عربی رسم الخط میں کندہ تحاریر خصوصاً شہادۃ صاف دیکھی جاسکتی ہیں۔

 تصویر: شکاگو سن ٹائمز
تصویر: شکاگو سن ٹائمز

سن 2022 میں اعلان کیا گیا تھا کہ اس سائٹ پر عارضی طور پر ایک کیسینو قائم کیا جائے گا۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ امریکہ میں بنائے گئے اس جوا خانے کو جان بوجھ کر ”مدینہ ٹیمپل“ کا نام دیا ہے تاکہ مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کیا جاسکے۔

یہاں تک کہ ترک میڈیا نے بھی اس معاملے کو اٹھایا اور اسے ’اسلاموفوبیا‘ اور ’مذہبی اشتعال انگیزی‘ کی کوشش قرار دیا۔

لیکن حقیقت تھوڑی مختلف ہے، کیونکہ ”مدینہ ٹیمپل“ اس جوئے خانے کا نام نہیں بلکہ اس عمارت کا نام ہے جس میں یہ جوا خانہ بنایا گیا۔

”مدینہ ٹیمپل“ کیا ہے؟

یہ شکاگو میں موجود مغربی مسلمانوں کے طرزِ ثقافت (مورِش آرکیٹیکچر) پر ڈیزائن کی گئی ایک تاریخی عمارت ہے، جسے 1912 میں شرینرز آرکیٹیکٹس ہیول اینڈ شمڈ نے تعمیر کیا تھا۔

 تصویر: شکاگولوجی
تصویر: شکاگولوجی

ابتدائی طور پر یہ ایک آڈیٹوریم تھا جس میں کئی ایوینٹس کا انعقاد کیا گیا، اس آڈیٹوریم میں تقریباً 4200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

 تصویر: فرائیڈمین پراپرٹیز
تصویر: فرائیڈمین پراپرٹیز

اس آڈیٹوریم کے زبردست آرکیٹیکچر کے باعث آواز کی عمدہ گردش کی وجہ سے یہ ریکارڈنگ کے لیے ایک پسندیدہ مقام بن گیا، اور 1960 کی دہائی کے آخر سے 1996 کی دہائی تک کئی مشہور میوزک ڈائریکٹرز نے یہاں آرکیسٹراز کی ریکارڈنگز کیں۔ کی بہت سی مشہور ریکارڈنگیں وہاں ریکارڈ کی گئیں۔

 تصویر: سی ایس او آرکائیوز
تصویر: سی ایس او آرکائیوز

سن 2000 کے اواخر میں عمارت گرنے کے قریب پہنچ گئی۔ جس کے بعد عمارت کے بیرونی حصے کو بحال کیا گیا اور اندرونی حصے کو گرا دیا گیا، پھر اسے کرائے پر دینے کیلئے استعمال کے لیے دوبارہ تعمیر کیا گیا۔

اس عمارت کو 27 جون 2001 کو شکاگو کا لینڈ مارک نامزد کیا گیا۔ اس پر بلومنگ ڈیل ہوم اینڈ فرنیچر اسٹور کا قبضہ ہوا کرتا تھا، جو 2003 میں کھلا تھا۔

جون 2019 تک، بلومنگ ڈیل کی پیرنٹ کمپنی ”میسی“ نے اس عمارت کو شکاگو کے ایک ڈویلپر ال فریڈمین کو فروخت کر دیا اور اسٹور نے ستمبر 2020 میں عمارت خالی کر دی۔

5 مئی 2022 کو اطلاع ملی کہ ”مدینہ ٹیمپل“ میں عارضی طور پر بالیز شکاگو کیسینو کھولا جائے گا۔

اس تجویز کو شکاگو سٹی کونسل اور الینوائے گیمنگ بورڈ نے بالترتیب دسمبر 2022 اور ستمبر 2023 میں منظور کیا تھا۔

اب اس عارضی کیسینو کو 9 ستمبر 2023 کو باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ یہ کیسینو اس عمارت میں اس وقت تک قائم رہے گا جب تک کہ شکاگو ویسٹ ریور کے پاس کیسینوز کیلئے ایک مستقل مقام تعمیر نہیں ہو جاتا، جس کے 2026 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔

عمارت کی اس تاریخ کو دیکھیں تو پتا چلتا ہے یہ کوئی مذہبی عمارت یا عبادت گاہ نہیں تھی بلکہ شروع سے ہی تفریحات کی غرض سے تعمیر کیا گیا ایک مرکز تھا۔

مدینہ ٹیمپل اور فری میسنز

ایک اہم سوال یہ ہے کہ مسجد سے ملتی جلتی یہ عمارت بنائی کس نے اور کیوں اور کیا کبھی یہ مسجد کے طور پر استعمال ہوئی۔

اس عمارت کو امریکہ میں فری میسنز کے ایک گروپ شرینرز نے بنایا تھا جو Ancient Arabic Order of the Nobles of the Mystic Shrine کہلاتا ہے۔

اس گروپ نے مشرق وسطیٰ کو اپنی تھیم کے طور پر اپنا رکھا ہے یعنی اس کی تعمیر کردہ عمارتیں مشرق وسطیٰ کے طرز تعمیر پر مبنی ہوتی ہیں۔

چونکہ فری میسن اپنی عمارتوں کو ٹیمپل کہتے ہیں، اس لیے شکاگو کی اس عمارت کا نام مدینہ ٹیمپل رکھا گیا۔

تاہم تاریخ میں کبھی یہ عمارت مسجد کے طور پر استعمال نہیں ہوئی۔

امریکہ میں شرینرز کی بنائی گئی کئی دیگر ایسی عمارتیں موجود ہیں۔ اس گروپ کا انداز اسلامی طرز تعمیر سے اتنا ملتا جلتا ہے کہ نائن الیون کے حملوں کےبعد انہیں مسلمان سمجھ کر دھمکیاں بھی دی گئیں۔

chicago

Fact Check

Medinah Temple

Bally's Casino

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div