Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

جہلم: پولیس کا فراڈ کے ملزم برطانوی شہری پر تشدد، ڈیل کرکے فرار کرادیا

واقعے میں ملوث تفتیشی افسر اور دو کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا
شائع 21 ستمبر 2023 12:13pm

تھانہ سٹی میں برطانوی شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اسے ڈیل کرکے بیرون ملک فرار کرانے والے تفتیشی افسر اور دو کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا۔

جہلم میں تھانہ سٹی پولیس کے اہلکاروں نے برطانوی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اورمبینہ طور پر ڈیل کرکے اسے برطانیہ روانہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق برطانوی شہری شعیب احمد کے خلاف حسن بٹ نامی شہری نے فراڈ کی درخواست دے رکھی تھی۔ بیان کے مطابق شعیب احمد نے اس سے رینٹ پر گاڑی لی اور اسے خیبرپختونخوا میں فروخت کردی۔

حسن بٹ کے مطابق شعیب نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گاڑی کے ٹریکر بھی اتارے، گاڑی کے ٹریکر اتارنے کی فوٹیج بھی آج نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

فرار ہونے والے مبینہ ملزم کے پاسپورٹ کا عکس
فرار ہونے والے مبینہ ملزم کے پاسپورٹ کا عکس

امانت میں خیانت کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس کے تفتیشی افسر اور اہلکار برطانوی شہری شعیب کو حراست میں لے کر اے ایس آئی تنویر کے کمرے میں لے آئے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کی ویڈیو بھی آج نیوز کو موصول ہوگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار برطانوی شہری شعیب احمد کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

مدعی مقدمہ حسن بٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزم کے ساتھ مک مکا کیا اور اسے خود ائر پورٹ تک چھوڑ کر آئے اور بیرون ملک فرار کرادیا۔

حسن بٹ کے مطابق پولیس نے ملزم کو ملک سے فرار کروانے کے بعد گزشتہ روز امانت میں خیانت کی دفعہ کے تحت برطانوی شہری سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

دوسری جانب ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے برطانوی شہری پر تھانہ سٹی میں تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور تفتیشی افسر سمیت تین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں انکوائری ٹیم تشکیل دیتے ہوئے تین روزمیں رپورٹ طلب کی ہے۔

jehlum police

DPO Jehlum

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div