Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، رانا ثناء اللہ

نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر مسائل حل کریں گے، مریم اورنگزیب
شائع 07 اکتوبر 2023 11:03pm

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، پاکستان کو دوبارہ خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے۔

فیصل آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، معاشی بدحالی، عام آدمی مہنگائی سے تنگ ہے، پاکستان کو دوبارہ خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نوازشریف کیسے معیشت بحال کریں گے، قوم کو مایوس کرنے کے لیے ذہانت کاغلط استعمال نہ کریں، نوازشریف کے خلاف سازشیں شروع کی گئیں، سول نافرمانی شروع کی گئی اور دھرنے دیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملکی ترقی کے نعرے کوحقیقت میں بدلیں گے، کسی دوسرے لیڈر یا جماعت کے پاس ملکی ترقی کا راستہ نہیں، 2018 میں ملک ترقی کررہا تھا، مہنگائی نہیں تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کو سازش کرکے اقتدار سے ہٹایا گیا، نواز شریف کو ہٹا کر ملک کو ڈی ریل کیا گیا، ملکی سیاست تباہ کرنے والےمظلوم بنے ہوئے ہیں، کہتے ہیں انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جا رہی۔

نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر مسائل حل کریں گے، مریم اورنگزیب

دوسری جانب لاہور میں ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو آرہے ہیں، نواز شریف نے 2017 میں دفتر سے نکالے جانے پر پوچھا تھا مجھے کیوں نکالا، لوگوں نے اس بات کا مذاق بنا دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں مہنگائی کم تھی، ان چوروں نے مہنگائی کہاں پہنچادی ہے، ملک ڈیفالٹ ہورہا تھا، شہبازشریف نے آ کر ملک کو بچایا، شہباز شریف نے سستا آٹا دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب نوازشریف وزیراعظم تھے تو ہر چیز سستی تھی، ان کے دور میں بجلی 12 روپے فی یونٹ تھی اور آٹا سستا تھا، نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر مسائل حل کریں گے، وہ عوام کے لیے واپس آ رہے ہیں، انہوں نے اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑا تھا، آج منافق جھوٹا شخص اللہ کی پکڑ میں ہے۔

انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں، خرم دستگیر

سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہم انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں، دس سال پہلے اس سے بھی زیادہ مشکل وقت دیکھا تھا لیکن اب پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں، جلد ہی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا

فیصل آباد میں مسیحی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم سب کے اچھے دن آرہے ہیں، ہم نے کافی حد تک مشکل وقت گزار لیا ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مفاد کی سیاست کی، اگر ن لیگ دور کے ترقیاتی کام نکال دیں تو پھر دوسری حکومتوں کی کارکردگی کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے قبل مہنگائی کے ساتھ پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے تھے تاہم میاں نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی، اگر عوام نے ہمیں اب بھی خدمت کا موقع دیا تو ریکارڈ ترقیاتی کام، بیروزگاری کا خاتمہ اور ملکی معیشت میں استحکام پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

Rana Sanaullah

Faisalabad

shahbaz sharif

Maryam Aurangzeb

khurram dastagir

Pakistan Politics

mariyum aurangzeb

pmln leaders