Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

’کبھی درد ہوتا ہے، کبھی اداکاری کرتا ہوں‘ ، کمنٹیٹرز کا رضوان کو فلمی کیریئربنانے کا مشورہ

رضوان نے تکلیف کے باوجود شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا
شائع 11 اکتوبر 2023 12:57pm
اسکریب گریب س
اسکریب گریب س

ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف کھیلے جانے والے میں پاکستان کی تاریخی فتح کے اہم کردارمحمد رضوان نے تکلیف کے باوجود اب تک کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ لیکن جہاں کمنٹیٹرز نے انہیں ’فلمی کیرئیر‘ بنانے کا مشورہ دے دیا وہیں رضوان کا بھی کہنا تھا کہ کبھی درد ہوتا ہے اور کبھی اداکاری کرتا ہوں۔

بھارتی شہرحیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 37 رنز بنائے تھے لیکن رضوان کے ناقابل شکست 131 رنزاورعبداللہ شفیق کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو ریکارڈ شکست دی۔

رضوان نے 2005 میں برسبین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میں کامران اکمل کی 124 رنز کی اننگز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا تعاقب مکمل کرکے ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ بابرالیون نے آئرلینڈ کا ریکارڈ توڑا جس نے 2011 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 328 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا تھا۔

لیکن کامیابی کا راستہ چیلنجز سے بھرا تھا خصوصاًحیدرآباد کے مرطوب موسم میں، اس اننگز کے دوران رضوان کو پٹھوں میں درد کا سامنا تھا۔

درد کش ادویات اور فزیوتھراپی نے عارضی راحت فراہم کی لیکن 37 ویں اوور میں دھننجیا ڈی سلوا کی گیند پرچھکا لگانے کے دوران انہیں شدید تکلیف ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے، اس کے باوجود وہ ڈٹے رہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائمن ڈول سمیت کمنٹیٹرز نے رضوان کے چھکے لگانے کے بعد انہیں اپنا فلمی کیریئر بنانے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد ان کے مداح حیران رہ گئے تھے کیونکہ یہ واضح تھا کہ رضوان کس قدر تکلیف کا شکارہیں۔

مزید پڑھیں

’ایک حسن ہی صحیح چل رہا ہے سُسرال میں‘

پاکستان اور سری لنکا ورلڈ کپ میں کتنی بار ٹکرائے، کس کا پلڑا بھاری؟

ٹیم کا خفیہ ہتھیار کون؟ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے نام بتادیا

مرے پرسو درے کے مصداق اسی دوران اپنا ہی بیٹ ٹانگ پر لگنے سے رضوان لنگڑانے لگے ، لیکن جو بات باعث حیرت رہی وہ یہ تھی کہ رضوان نے سینچری بھی اسکور کی اور چند اوورز میں خود بخود بہتر ہوتے ہوئے پاکستان کو زبردست فتح دلائی۔

اس حوالے سے رضوان کا کہنا تھا کہ جب بھی آپ اپنے ملک کے لئے پرفارم کرتے ہیں تو یہ میرے لیے ہمیشہ فخر کا لمحہ ہوتا ہے۔ میں اس وقت کچھ کہنے سے قاصر ہوں لیکن یہ مشکل تھا۔ ، ’بات یہ تھی کہ بالنگ اننگز کے بعد ہرکوئی پراعتماد تھا۔ بدقسمتی سے سری لنکا نے بابر اعظم کو جلد آؤٹ کیا لیکن اس کے بعد ہمیں اچھی پارٹنرشپ ملی۔ یہ ایک اچھا ٹریک ہے اور ہمارے لئے مددگارتھا۔ میں نے عبداللہ شفیق سے کہا کہ وہ اسے قدم بہ قدم آگے بڑھائے‘

سوالات کے جوابات میں رضوان نے میچ کے بعد شگفتگی دکھاتے ہوئے کہا کہ ، ’کبھی درد ہوتا ہے اور کبھی میں اداکاری کرتا ہوں‘۔

پاکستان کا اگلا میچ ہفتہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا مقابلہ ہوگا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دونوں میچ جیت چکی ہے جبکہ بھارت بدھ کو نئی دہلی میں اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کا مقابلہ کرے گا۔

Muhammad Rizwan

Abdullah Shafique

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div