Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان

فیروز جمال کا کل تک 13 فیصد تک کمی کا دعویٰ، محسن نقوی کا 15 فیصد تک کمی کا اعلان
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2023 08:28pm
پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کل تک  13 فیصد  کمی لانے کا دعویٰ۔ فوٹو ــ فائل
پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کل تک 13 فیصد کمی لانے کا دعویٰ۔ فوٹو ــ فائل

پنجاب اور خیبرپختون خوا میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آٹا، گھی، چکن، دالوں اور چینی کے نرخ سمیت ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کل تک 12 سے 13 فیصد کمی لانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے بعد محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کابینہ کا سیشن بہت اچھا رہا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کامیاب رہے، ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10فیصد کمی ہوئی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈیزل والی گاڑیوں کے کرایوں میں 10فیصد کمی ہوئی ہے، پیٹرول والی بسوں کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر صاحبان نے جاری پروگرام پر بریفنگ دی، دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے کمی آئے گی، فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گھی ایسوسی ایشن نے 15 روپے فی کلو گھی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے، پولٹری ایسوسی ایشن نے بھی چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مارکیٹ میں چینی 145روپے کلو دستیاب ہے، عوام کو ہرممکن ریلیف فراہمی کیلئےکوشاں ہیں۔

خیبرپختونخوا ، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لانے کا دعویٰ

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کل تک 12 سے 13 فیصد کمی لانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر فیروز جمال نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی کی قیمت میں کمی آئی اس لئے اب عوام کو ریلف دینے کا وقت آگیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری نے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر لاحہ عمل طے کریں گے جبکہ کرایوں کی چیکنگ کے لئے انسپکشن ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ متعلقہ اداروں کو احکامات بھی دیے ہیں کہ کل سے کرایوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں افغان مہاجرین سے متعلق نہیں بلکہ غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد سے متعلق فیصلے ہوئے تھے اور غیرقانونی طور پر مقیم افراد نے 31 اکتوبر تک ملک نہ چھوڑا تو ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کسی افغان شہری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکھٹا ہورہا ہے۔ جو بھی غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں وہ اپنے ممالک واپس جائیں اور قانونی طریقے سے واپس آجائیں۔

فیروز جمال نے مزید کہا کہ پشاور میں رہزنوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے طالبعلم کا ملزم پکڑا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں اسمگلنگ ختم ہونے کا بھی دعوی کیا۔

petrol price

خیبر پختونخوا

Public Transport

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div