وہ دلیپ تاہل ، جن کی قسمت ایک فلم سے چمک اٹھی
فلم انڈسٹری میں بہت سے ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اپنے کریئر کے آغاز میں منفی کردار ادا کرکے پہچان حاصل کی دلیپ تاہل بھی ان میں سے ایک ہیں۔
معروف بالی ووڈ اداکار دلیپ تاہل نے صرف 10 سال کی عمر میں ڈراموں میں اداکاری شروع کر دی تھی، وہ بالی ووڈ کے خوفناک ولن کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں۔
دلیپ تاہل نے اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی منفی کردار ادا کیے ہیں وہ شروع سے ہی یش چوپڑا کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے اور آخر کار سال 1993 میں انہیں یش چوپڑا کے ساتھ فلم ’ڈر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں انہوں نے سنی کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔ دلیپ کا کہنا ہے کہ ’ڈر‘ ان کے کیریئر کی اہم فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کے بعد ہی انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ ایک آل ٹائم بلاک بسٹر فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تھا۔

بالی ووڈ ہدایتکار عباس مستان نے انہیں 1993 کی ہٹ فلم بازیگر میں موقع دیاتھا جس میں انہوں نے مدن چوپڑا کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑے۔ 2 کروڑ روپے میں بنی اس فلم نے 14 کروڑ روپے کمائے تھے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے 2018 میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے کیس میں اداکار کو سزا سنائی۔ دلیپ تاہل دو ماہ جیل میں گزاریں گے جبکہ انہیں 500 روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔
عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی خاتون کو 5 ہزار روپے بھی ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔ دلیپ تاہل نے اعلان کیا ہے کہ وہ مجسٹریٹ کورٹ کے اس فیصلے کو ممبئی کی سیشن عدالت میں چیلنج کریں گے۔
اداکار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں جج اور ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن اسے چیلنج کروں گا، یہ ایک معطل سزا تھی اور گاڑی کی ٹکر سے خاتون کو معمولی زخم آئے تھے۔
اپنے کیریئر میں اب تک دلیپ تاہل نے بازیگر (1993)، راجہ (1995)، ہم ہیں راہی پیار کے (1993) اور قیامت سے قیامت تک (1988) میں ایسے کئی کردار ادا کیے ہیں جنہیں لوگ آج بھی نہیں بھولے، وہ آج بھی اپنے بہترین کام کے لیے جانے جاتے ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔