Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سری لنکا کو 302 رنز سے شرمناک شکست، بھارت ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

سری لنکا ٹیم 358 رنز کے جواب میں 20ویں اوور میں صرف 55 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 02 نومبر 2023 08:46pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا اور ایونٹ میں نا قابل شکست رہنے کی روایت برقرار رکھی۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 20 ویں اوور میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

302 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی کے بعد بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، روہت الیون سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے اور سری لنکا کے لیے 358 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز بھارتی کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا لیکن ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے اوپنرز سری لنکن بولرز کے سامنے بھارتی ٹیم کو لمبی پارٹنر شپ فراہم نہ کرسکے۔

لنکن بولرز نے میچ کا آغاز شاندار طریقے سے پہلے ہی اوور میں بھارتی کپتان روہت شرما کی وکٹ حاصل کرکے کیا، مدھوشنکا نے روہت شرما کو پہلے اوور کی دوسری گیند پر بولڈ کرکے صرف 4 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

ایک وکٹ جلد گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور شبمن گل نے دوسری وکٹ پر شاندار 189 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کے لیے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھ دی۔

تاہم ویرات کوہلی اور شبن گل دونوں ہی اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

بھارت کی دوسری وکٹ 193 رنز پر شبمن گل کی صورت گری، شمبن گل شاندار کھیل پیش کرنے کے بعد 92 گیندوں پر 92 رنز بنا کر مدھوشنکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور چھکے شامل تھے۔

بھارتی ٹیم کا اسکور 196تک پہنچا تو ویرات کوہلی بھی مدھوشنکا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے، ویرات کوہلی نے 11 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

چوتھی وکٹ پر شریاس ایئر اور کے ایل راہول کے درمیان 60 رنز کی پارٹنرشپ بنی، راہول 256 کے مجموعے پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی پانچویں وکٹ 276 رنز پر گری ، سوریا کمار یادیو 12 رنز بناکر مدھوشنکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد چھٹی وکٹ پر شریاس ائیر نے رویندرا جاڈیجا کے ساتھ 57 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کا اسکور 333 رنز تک پہنچایا۔

شیریاس ایئر جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد 56 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے علاوہ رویندرا جاڈیجا 35 اور محمد شامی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اور یوں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھو شنکا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، دشمنتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی بیٹنگ

بھارت کے 358 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز سری لنکن بیٹرز پر ایشیا کپ کے فائنل کی طرح ٹوٹ پڑے۔

سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کی تباہ بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، پوری ٹیم 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 19.4 اوورز میں صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس طرح بھارت نے مقابلہ 302 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے کاسن رجیتھا 14 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اینجیلو میتھیوس نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

مدوشانکا 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان کوشل مینڈس اور چیریتھ اسالنکا ایک ایک رن بناسکے، اس کے علاوہ مہیش تھیکشنا 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے 8 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ 5 بیٹر بغیر کھاتا کھولے چلتے بنے، جن میں سے 3 بیٹر گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمدشامی نے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سراج نے 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ جسپریت بمرا اور رویندرا جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

محمد شامی کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل

اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ایک مرتبہ پھر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے،آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے تیسرے اور نیوزی لینڈ بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان 7 میچز میں 3 میں کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

میچ کا ٹاس

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے دھننجایا ڈی سلوا کی جگہ دشن ہیمنتھا پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

کپتان روحت شرما، ویرات کوہلی، وکٹ کیپر لوکیس راحول، شبمن گل، شریاس آئیر، سوریا کمار یودوو، روندرا جڈیجا، جیسپریت بمبراہ، کلدیپ یادوو، محمد سراج اور محمد شامی بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

بھارت کے خلاف سری لنکا کے 11 رکنی اسکواڈ میں کپتان کوسل مینڈس، پاتھن نسانکا، ڈیمٹھ کارونارٹنے، سدیرا سوکرامہ، اسالانکا، انجیلو میتھیوز، مہیش ٹھیکشنا، کسن رجنتھا، دلشان مدھوشنکا اور چمیرا شامل ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اِس ورلڈ کپ میں اب تک 6، 6 میچز کھیل چکی ہیں، ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو بھارت ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں اب تک کی ناقابل شکست ٹیم ہے جو کہ 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں نمبر پر موجود ہے۔

ممبئی میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں 12 سال بعد آمنے سامنے

ممبئی میں دونوں ٹیمیں 12 سال بعد آمنے سامنے ہوں گی، اس سے پہلے اس میدان پر دونوں ٹیموں کے درمیان 2011 کے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں سری لنکا کو شسکت دے کر دوسرا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اب تک ناقابل شکست ہے، انہوں نے اب تک پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش، افغانستان اور افغانستان کو شکست دی ہے۔

لنکن ٹائیگرز رواں ورلڈ کپ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے اور اب تک انہوں نے نیدر لینڈز اور انگلینڈ کی ٹیموں کو شکست دی ہے جبکہ پاکستان، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف میچز ہارے ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 167 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بھارت نے 98 جبکہ سری لنکا نے 57 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، ایک میچ برابر جبکہ 11 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

پچ رپورٹ

وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم ممبئی، مہاراشٹر کی پچ ہمیشہ سے بیٹرز کے لیے جنت تصور کی جاتی ہے۔ اس پچ پر رواں ورلڈ کپ کے 2 میچز ہوئے اور دونوں میچز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایک میچ میں 399 جبکہ دوسرے میچ میں 382 رنز بنائے۔

موسم کی صورتحال

ممبئی میں آج میچ کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہوگا اور میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔

india

cricket

Sri Lanka

mumbai

india vs sri lanka

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Wankhede Stadium

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div