Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

پشاور: حکومت کا پی او آر کارڈز کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ

31 دسمبر کے بعد کسی بھی افغان شہری کے پی او آر کارڈ میں توسیع نہیں ہوگی، سرکاری ذرائع
شائع 02 نومبر 2023 06:24pm
پشاور: حکومت کا پی او آر کارڈز کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ۔ فوٹو ــ روئٹرز
پشاور: حکومت کا پی او آر کارڈز کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ۔ فوٹو ــ روئٹرز

پشاور: حکومت نے پروف آف رجسٹریشن کارڈ ( پی او آر کارڈز) کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پی او آر کارڈ کی مدت میں 31 دسمبر 2023 تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔

31 دسمبر کے بعد کسی بھی افغان شہری کے پی او آر کارڈ میں توسیع نہیں ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مدت ختم ہونے کے بعد پی او آر کارڈ ہولڈر کو بھی ٹرانزٹ پوائنٹ پر روکا جائیگا۔

افغان اوریجن کارڈ (اے سی سی) ہولڈرز اور افغان پاسپورٹ پر درست ویزا رکھنے والوں کو پریشان نہیں کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وزارت داخلہ نے واضح کیا تھا کہ افغان پی اوآر اور اے سی سی کارڈ ہولڈر کو ڈی پورٹ نہیں کیا جائے گا، ویزہ معیار ختم ہونے والوں کو بھی دوبارہ اپنے ملک جا کر نیا ویزہ حاصل کر کے آنا ہوگا۔

ترجمان وزارت داخلہ نے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی سے متعلق اپنی ویب سائٹ پر پوچھے گئے مختلف سوالات کے جواب میں واضح کیا تھا کہ اگر کوئی افغان پی او آر کارڈ ہولڈر ہے اور اپنے کارڈ کی تجدید کرائی ہے تو انھیں ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔

رجسٹرڈ پی او آر کارڈ ہولڈرز کے غیر رجسٹرڈ کنبہ کے ارکان، جن کے پاس ایف آر سی ہیں، ان کو ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) ہولڈرکو بھی ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر یہ سوال پوچھا گیا کہ ویزا پر پاکستان کا سفر کرنے کے بعد ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے، اگر میں فیس اور جرمانہ ادا کرتا ہوں، تو کیا مجھے رہنے کی اجازت دی جائے گی؟

جس کے جواب میں وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اگر آپ کے پاس درست ویزا نہیں ہے ، یا آپ کو ویزا کی توسیع سے انکار کردیا گیا ہے یا آپ کو چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے اپنے ویزا میں توسیع کے بارے میں کوئی جواب نہیں ملا ہے تو ملک میں آپ کا قیام غیر قانونی ہے اور حکام آپ کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔ تاہم، اگر ویزا میں توسیع دی گئی ہے، تو آپ ویزا کی میعاد کی مدت تک رہ سکتے ہیں۔

afghanistan

Pakistan Afghanistan Border

Illegal Afghan Immigrants

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div