Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ارشد حسین شاہ نے نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا، وزیراعظم کی مبارکباد

گورنر خیبرپختونخوا نگران وزیراعلی سے آج شام حلف اٹھائیں گے
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2023 07:45pm

جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا ہے، تاہم پی ٹی آئی نے ان کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین نے عہدے کا حلف گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں اٹھایا۔

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگراں وزیر اعلیٰ سے حلف لیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ ابراہیم خان بھی حلف برادری تقریب میں موجود تھے۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جسٹس (ر) ارشد حسین کو بطور نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہےاور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین کی بطور نگران وزیراعلی تقرری سے انتہائی اہم آئینی ضرورت پوری ہوئی ہے، امید ہے نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کے انتظامی امور کی بہتری اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت میں اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے تھے، جس کے بعد ان کی کابینہ بھی خود کار طریقے سے تحلیل ہوگئی تھی۔

نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کے لئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اہم اجلاس بلایا، گورنرکے پی نے سابق وزیراعلی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان دُرانی کو بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی سمری ارسال کی۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں سابق وزیراعلی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان دُرانی کے علاوہ لیگل ٹیم اور صوبے کے انتظامی امور چلانے والے افراد شریک ہوئے۔

ملاقات میں نئے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر غور کیا گیا، اور نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کے لئے جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کا نام زیرغور آیا۔

محمود خان اور اکرام درانی نے نئے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے جسٹس (ر) ارشد حسین کے نام پر اتفاق کیا۔ اور ارشد حسین شاہ کو خیبر پختون خوا کا نیا نگراں وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت نئےنگراں وزیراعلیٰ کو نامزدکیا، اکرم درانی اور محمود خان نے اس نام پر اتفاق کیا ہے، اور نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے نام کی سمری گورنرہاؤس موصول ہوگئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے نئے نگران وزیر اعلی کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں اور جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ نگران وزیراعلی منتخب ہوگئے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نگران وزیراعلی سے آج شام حلف اٹھائیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے نئے نگران وزیراعلی کا نام مسترد کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:

نئے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے مشاورت، گورنر خیبرپختونخوا نے اجلاس بلالیا

اعظم خان کا انتقال: کابینہ کا کیا ہوگا، نیا نگراں وزیراعلیٰ کیسے منتخب ہوگا؟

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کےسیکرٹری اطلاعات ظاہرشاہ نے ”آج نیوز“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئینی فورم نہیں کہ یہ لوگ وزیراعلی کو نامزد کریں، گورنرغیر قانونی اقدامات اُٹھارہے ہیں۔

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ گورنر نے کس حیثیت میں سابق وزیراعلی اوراپوزیشن لیڈر کو خط لکھا، تمام پہلوؤں کا قانونی جائزہ لینےکے بعد عدالت جائیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ اباد سے ہے، اور وہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جج رہے ہیں، جب کہ نگران وزیر قانون بھی رہے ہیں۔ ان کا نام بطور نگراں وزراعلیٰ سابق وزیراعلی محمود خان کی جانب سے دیا گیا جس پر اکرم دُرانی نے بھی اتفاق کیا۔

Caretaker CM KPK Arshad Hussain Shah

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div